0
Thursday 6 Sep 2018 21:52

قادیانی آئین پاکستان کو تسلیم ہی نہیں کرتے، وزیر اطلاعات آئین پاکستان کی تاریخ کا مطالعہ کریں، معراج الہدیٰ

قادیانی آئین پاکستان کو تسلیم ہی نہیں کرتے، وزیر اطلاعات آئین پاکستان کی تاریخ کا مطالعہ کریں، معراج الہدیٰ
اسلام ٹائمز۔ امیر جماعت اسلامی سندھ ڈاکٹر معراج الہدیٰ صدیقی نے پی ٹی آئی حکومت کی جانب سے ایک قادیانی مبلغ عاطف میاں کو اقتصادی مشاورتی کونسل کا رکن نامزد کرنے پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اسے نظریہ پاکستان کیخلاف اور ملک کی نظریاتی سرحدوں کو کھوکھلا کرنے کے مترادف قرار دیا ہے۔ انہوں نے آج ایک بیان میں مزید کہا کہ قادیانی آئین پاکستان کی رو سے غیر مسلم ہیں، مفکر اسلام علامہ اقبال ؒ نے بھی قادیانیوں کو ملک و اسلام دونوں کا غدار قرار دیا تھا، قادیانی آئین پاکستان کو بھی نہیں مانتے کیونکہ آئین پاکستان کا آرٹیکل 5 تقاضا کرتا ہے کہ پاکستان کا ہر شہری ریاست کا وفادار اور آئین و قوانین کا پابند ہو، عقیدہ ختم نبوت، تحفظ ناموس رسالتؐ قانون کا دشمن اور آئین پاکستان سے انحراف کرنے والا فرد کیسے مالیاتی کمیٹی کا ممبر اور ملک کا وفادار بن سکتا ہے۔

رہنما جماعت اسلامی نے مزید کہا کہ وفاقی وزیر اطلاعات کی جانب سے قادیانی مبلغ کی وکالت اور عاشقان رسولؐ کو انتہاء پسند قرار دینا خود ایک کھلی دہشتگردی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تمام مذہبی جماعتیں رانا بھگوان داس، جسٹس اے آر کارنیلئس، رانا چندر سنگھ، جسٹس دارب پٹیل راجہ تری دیو رائے جیسے افراد کی خدمات کی معترف رہی ہیں اور ابھی گذشتہ روز سندھ میں ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن کے صوبائی وزیر مکیش کمار چاؤلہ نے حلف اٹھایا ہے اس پر کسی نے اعتراض نہیں کیا، اقلیتوں کو حقوق کے تحفظ کے معاملے میں مذہبی جماعتوں سے آگے کوئی بھی نہیں ہو سکتا لیکن قادیانی آئین پاکستان کو تسلیم نہیں کرتے، آئین پاکستان کا انکار کرنے والے پاکستان میں کس طرح کلیدی عہدے پر براجمان ہوسکتے ہیں۔

معراج الہدیٰ صدیقی نے کہا کہ وفاقی وزیر اطلاعات آئین پاکستان کی تاریخ کا مطالعہ کریں، قادیانی آئین پاکستان کے مطابق نہ تو اقلیتوں کی فہرست میں اپنا نام درج کرواتے اور نہ ہی اس آئین پاکستان کے تحت انتخابات میں حصہ لیتے ہیں، عاطف میاں قادیانی مبلغ مرزا مسرور کے مالیاتی مشیر ہیں اور ان کی مہارت صرف نجکاری کے دائرے میں ہے، اس لئے وہ پاکستان کے معاشی مسائل کو حل کرنے کیلئے مطلوبہ صلاحیت سے محروم ہیں، پی ٹی آئی گورنمنٹ فوری طور پر عاطف میاں کی تقرری کو منسوخ کرے اور اپنے وزراء کو لگام دے کہ وہ حقائق کو توڑنے مروڑنے کا سلسلہ جاری نہ رکھیں۔ صوبائی امیر نے کہا کہ اسلام اقلیتوں کی جان و مال کی حفاظت سمیت احترام انسانیت کا درس دیتا ہے، مگر اسلام کی آڑ میں عقیدہ ختم نبوت، تحفظ ناموس رسالت قانون سمیت ملک کی نظریاتی سرحدوں کیخلاف کوئی سازش برداشت نہیں کی جاسکتی۔
خبر کا کوڈ : 748533
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش