0
Thursday 13 Sep 2018 10:44

حفیظ الرحمن نے گلگت بلتستان کو فرقہ وارانہ بنیادوں پر تقسیم کرنیکی کوشش کی، پیپلزپارٹی

حفیظ الرحمن نے گلگت بلتستان کو فرقہ وارانہ بنیادوں پر تقسیم کرنیکی کوشش کی، پیپلزپارٹی
اسلام ٹائمز۔ پیپلز پارٹی گلگت بلتستان کے صوبائی سینیئر نائب صدر جمیل احمد اور سیکرٹری اطلاعات سعدیہ دانش ہے ایک بیان میں کہا ہے کہ پیپلز پارٹی نے 2012ء میں گلگت بلتستان میں فرقہ وارانہ ہم آہنگی کے لئے تمام مکاتب فکر کے علماء کرام سے مشاورت کرکے مساجد بورڈ ریگولیشن ایکٹ کا نفاذ کیا، اس کی رو سے اگر کسی مذہبی مقدس ہستی سے متعلق چھٹی کا معاملہ درپیش ہو تو اس مساجد بورڈ اور علماء کرام کی مشاورت سے فیصلہ کرنا لازمی قرار دیا گیا تھا اور اس ایکٹ کی خلاف ورزی کی صورت میں اے ٹی اے کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا، لیکن وزیراعلی حفیظ الرحمٰن نے گلگت بلتستان کے تین اضلاع میں چھٹی کا اعلان کرکے جو فرقہ وارانہ تقسیم کا تاثر پیدا کیا ہے، اس پر چیف سیکرٹری اور قانون نافذ کرنے والے ادارے حفیظ الرحمٰن کے خلاف اے ٹی اے کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کریں۔

گلگت بلتستان میں امن اور مسلکی ہم آہنگی پیپلزپارٹی کے اس ایکٹ کی بدولت ہے۔ تمام مذہبی ہستیاں سب کے لئے قابل احترام ہیں، اگر کسی مذہبی مقدس ہستی سے متعلق چھٹی کرنی ہے تو تمام اضلاع میں اس کا اطلاق ہونا چاہیئے، لیکن حکومتی سطح پر اس طرح کی تقسیم کرکے حفیظ الرحمن جان بوجھ کر گلگت بلتستان میں حساس معاملات کو ہوا دے کر حالات خراب کرنا چاہتا ہے، تاکہ اسکی بدترین کرپشن قانون نافذ کرنے والے اداروں سے اوجھل رہ سکے۔ وزیراعلیٰ نے پہلے بھی بلتستان کے عوام کو را کے ایجنٹ اور ہنزہ کے عوام کے خلاف ہرزہ سرائی کرکے گلگت بلتستان کے امن کو سبوتاژ کرنے کی مذموم کوشش کی۔
خبر کا کوڈ : 749845
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش