0
Tuesday 18 Sep 2018 05:37

آرمی چیف کا دورہ چین، پیپلز لبریشن آرمی کے سربراہ جنرل ہان ویگو سے ملاقات

آرمی چیف کا دورہ چین،  پیپلز لبریشن آرمی کے سربراہ جنرل ہان ویگو سے ملاقات
اسلام ٹائمز۔ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے چین کی پیپلز لبریشن آرمی ( پی ایل اے) کے ہیڈ کوارٹرز کا دورہ کیا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کو ہیڈ کوارٹرز پہنچنے پر چینی فوج کی جانب سے گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔ آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ آرمی چیف نے پیپلز لبریشن آرمی کے سربراہ جنرل ہان ویگو سے ملاقات کی جس میں چائنا پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) اور دو طرفہ سیکورٹی تعاون کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ آئی ایس پی آر نے بتایا کہ ملاقات میں دونوں فوجی کمانڈرز نے علاقائی سلامتی کے ماحول پر بھی تبادلہ خیال کیا جب کہ جنرل ہان نے پاک فوج کی جانب سے سی پیک کے لیے اعلیٰ درجے کی سیکیورٹی کو بھی سراہا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق سربراہ چینی فوج نے پاک فوج کی پیشہ ورانہ اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں کامیابیوں کی تعریف کی اور پاک فوج کی جنگی مہارت سے استفادہ حاصل کرنے کی خواہش کا اظہار کیا۔

ترجمان پاک فوج کی ٹوئٹ میں کہا گیا ہے کہ چینی فوج کے سربراہ نے باہمی تعاون کو بڑھانے کی خواہش کا بھی اظہار کیا۔ اس موقع پر آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا تھا کہ دو طرفہ تعاون بڑھانے کے مزید مواقع موجود ہیں جب کہ دونوں ملکوں کی افواج کے درمیان تعاون کی ایک تاریخ ہے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف وائس چیئرمین سینٹرل ملٹری کمیشن جنرل ژانگ یوژیا سے بھی ملاقات کریں گے۔ یاد رہے کہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ تین روزہ سرکاری دورے پر چین میں ہیں جہاں وہ اعلیٰ سرکاری حکام سے ملاقاتیں کریں گے۔ اس سے قبل پی ایل اے ہیڈ کوارٹرز آمد پر جنرل قمر جاوید باجوہ کو گارڈ آف آنر بھی پیش کیا گیا تھا۔
 
خبر کا کوڈ : 750736
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش