0
Tuesday 18 Sep 2018 18:18

8 محرم الحرام کا جلوس عزاء ہر صورت میں نکالا جائیگا، مولانا مسرور عباس انصاری

8 محرم الحرام کا جلوس عزاء ہر صورت میں نکالا جائیگا، مولانا مسرور عباس انصاری
اسلام ٹائمز۔ شہداء کربلا کی یاد میں جموں و کشمیر اتحاد المسلمین کے اہتمام سے اندرونی کاٹھی دروازہ رعناواری سرینگر سے ایک عظیم الشان عزاداری کا جلوس برآمد ہوا، جس میں کشمیر کے اطراف و اکناف سے آئے ہوئے لاکھوں عقیدت مندوں نے شرکت کی۔ جلوس عزاء میں اتحاد المسلمین کے صدر و سینئر حریت رہنما مولانا مسرور عباس انصاری کے علاوہ متحدہ مزاحمتی قیادت کے رکن اعلیٰ محمد یاسین ملک اور دیگر حریت زعماؤں اور کارکنوں نے شرکت کی۔ عظیم الشان جلوس عزاء کے افتتاحی تقریب کا آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا، جس کے بعد مولانا مسرور عباس انصاری اور محمد یاسین ملک نے خطاب کرتے ہوئے شہدائے کربلا و اسیران کربلا کو شاندار انداز میں خراج عقیدت پیش کیا۔ عزاداروں کے جم غفیر سے مولانا مسرور عباس انصاری نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ امام حسین (ع) کی شہادت امت اسلامیہ کیلئے ایک بیش بہا اور گرانقدر سرمایہ ہے اور شہادت کا یہ عظیم سرمایہ اسلامی مزاحمتی تحریکوں کیلئے چشمہ ہدایت بن گیا۔

انہوں نے کہا کہ معرکہ کربلا حق و باطل کا آئینہ ہے جو حق کے طلبگاروں اور باطل پرستاروں کے درمیان لکیر کھینچ رہا ہے۔ مولانا مسرور عباس انصاری نے کہا کہ حضرت ابا عبدﷲ الحسین (ع) کے سیرت طیبہ کی پیروی ان کے تئیں بہترین خراج عقیدت ہے اور وہی فرد اصل عزادار اور شفاعت کا حقدار ہے جو امام حسین (ع) کے نقش قدم پر عمل پیرا ہو۔ انہوں نے کہا کہ امام حسین (ع) اپنے صدائے استغاثہ کے ذریعے ہمیں اس مقدس مشن کی مدد کیلئے آواز دے رہا ہے جس کی داغ بیل انہوں نے کربلا کے تپتے ریگزار میں ڈالی۔

انہوں نے کہا کہ وہ جگہ کربلا ہے جہاں یزید، یزیدی افکار رکھنے والے افراد اور یزیدی حکمرانوں کے خلاف آواز اٹھائی جائے اور وہ دن روز عاشورا ہے جس دن یزید اور یزیدی افکار و کردار کے خلاف قیام کیا جائے۔ مولانا مسرور عباس انصاری نے کہا کہ کشمیر میں بھی کربلا جیسا معرکہ بپا ہے جہاں یزیدی افکار و کردار رکھنے والے حکمران انسانی اقدار کو پیروں تلے روندھ رہے ہیں اور اس سرزمین پر خون ناحق کی ندیاں بہا رہے ہیں۔ انہوں نے ملت اسلامیہ کشمیر سے اپیل کی کہ مسلک و ملت کو بالائے طاق رکھ کر باہمی اتحاد و اتفاق کے ساتھ عزاداری کے جلوسوں میں شرکت کرکے یزیدیت کے خلاف بھر پور احتجاج درج کریں۔ محمد یاسین ملک، مولانا مسرور عباس انصاری اور دیگر رہنماؤں نے یک زبان ہوکر کہا کہ سرکاری قدغنوں کو خاطر میں نہ لاتے ہوئے 8 محرم الحرام کا جلوس ہر صورت میں نکالا جائے گا۔ انہوں نے عزاداروں سے تلقین کی کہ اس جلوس کو شان و شوکت کے ساتھ برآمد کرنے کیلئے جوق در جوق سرینگر کا رُخ کریں۔
خبر کا کوڈ : 750879
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش