0
Tuesday 25 Sep 2018 20:49

سی پیک سے گلگت بلتستان کی معاشی حالت یکسر بدل جائیگی، چینی سفیر

سی پیک سے گلگت بلتستان کی معاشی حالت یکسر بدل جائیگی، چینی سفیر
اسلام ٹائمز۔ پاکستان میں چین کے سفیر یاؤ جنگ نے کہا ہے کہ سی پیک منصوبے سے پاکستان بالخصوص گلگت بلتستان کی معاشی حالت یکسر بدل جائیگی۔ کے آئی یو میں قائم سی پیک سینٹر کو خصوصی توجہ حاصل ہوگی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے وائس چانسلر قراقرم انٹر نیشنل یونیورسٹی گلگت پروفیسر ڈاکٹر عطاء اللہ شاہ سے چینی سفارت خانے میں ملاقات کے دوران کیا۔ چینی سفیر نے کہا کہ پاکستان میں نئی حکومت کے وژن کے مطابق سی پیک منصوبے پر کام ہو رہا ہے۔ اس منصوبے سے پاکستان بالخصوص گلگت بلتستان خطے کی معاشی اور سماجی حالت بدل کر رہ جائیگی۔ وہاں کے لوگوں کو ہنرمندی، کاروباری، ملازمت سمیت تعلیم کے شعبے میں بے شمار مواقع میسر آئیں گے۔ کے آئی یو میں سی پیک سینٹر کو فعال بنانے کیلئے ہر ممکن تعاون کریں گے، کیونکہ یہ سینٹر پاکستان اور چین کے مابین تحقیق کا مرکز ثابت ہوگا۔

اس موقع پر وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر عطاء اللہ شاہ نے کے آئی یو سی پیک سینٹر میں جاری سرگرمیوں سے چینی سفیر کو آگاہ کیا اور کہا کہ سی پیک کے تناظر میں کے آئی یو کی اہمیت مسلمہ ہے، کے آئی یو اس خطے میں ریسرچ اور تعلیم کا حب ہے۔ وائس چانسلر نے چینی جامعات کے ساتھ ایکسچینج پروگرام، ریسرچ گرانٹ اور باہمی دلچسپی کے امور کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا۔ وائس چانسلر نے چینی سفیر کو کے آئی یو میں قائم سی پیک سینٹر کو مستقبل میں سینٹر آف ایکسیلینس بنانے کے حوالے سے اپنے وژن سے آگاہ کیا۔ وائس چانسلر نے چینی سفیر کو کے آئی یو کا دورہ کرنے کی دعوت دی، جسے چینی سفیر نے قبول کر لیا۔
خبر کا کوڈ : 752178
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش