0
Friday 5 Oct 2018 12:42

مستقبل کے معماروں پر تشدد نے سفاک تبدیلی کا پردہ چاک کر دیا، آصف علی زرداری

مستقبل کے معماروں پر تشدد نے سفاک تبدیلی کا پردہ چاک کر دیا، آصف علی زرداری
اسلام ٹائمز۔ سابق صدر اور پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے پشاور یونیورسٹی میں فیسوں میں اضافے کے خلاف احتجاج کرنے والے طلبہ پر تشدد کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ مستقبل کے معماروں پر تشدد افسوسناک ہے جس نے سفاک تبدیلی کا پردہ چاک کر دیا ہے۔ سابق صدر نے مزید کہا کہ ایک کروڑ نوکریاں دینے کا دعویٰ کرنے والے پہلے سستی تعلیم تو دیں۔ دوسری جانب پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے بھی طلبہ پر تشدد کی مذمت کی اور کہا کہ پُرامن احتجاج طلبہ کا جمہوری حق ہے جبکہ حکمران ہوش کے ناخن لیں اور اپنی ناکامیوں کا بدلہ طلبہ سے نہ لیں۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ گرفتار طلبہ کو فوری رہا کیا جائے اور فیس کم کی جائے، جبکہ زخمی طلبہ کو بہترعلاج معالجے کی سہولت دیتے ہوئے طلبہ پر وحشیانہ تشدد کرنے اور کرانے والوں کو سخت سزا دی جائے۔

خیال رہے کہ اس حوالے سے صوبائی حکومت کے ترجمان شوکت یوسفزئی کا کہنا تھا کہ طلبہ کا احتجاج فیسوں میں اضافے کا نہیں بلکہ ہاسٹلوں سے غیر متعلقہ افراد کو نکالنے کا ردعمل ہے۔ میڈیا سے گفتگو کے دوران ان کا کہنا تھا کہ حکومت طلبہ کے مسائل پر مذاکرات کیلئے تیار ہے لیکن غیر متعلقہ افراد کے ساتھ نہیں۔ واضح رہے کہ پشاور یونیورسٹی میں فیسوں میں اضافے کے خلاف برسر احتجاج طلبہ پر پولیس نے لاٹھی چارج کر دیا تھا جس سے کئی طلبہ زخمی ہوئے جبکہ متعدد طلبہ کو حراست میں بھی لے لیا گیا تھا۔ زیر حراست طلبہ کے حوالے سے شوکت یوسفزئی کا کہنا تھا کہ انہیں فوری طور رہا کرنے کی ہدایات جاری کر دی گئیں ہیں۔
خبر کا کوڈ : 754031
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش