0
Friday 5 Oct 2018 14:26

بیرون ملک اثاثے رکھنے والوں کی تفصیلات مل گئیں، حکومت کا بڑا دعویٰ

بیرون ملک اثاثے رکھنے والوں کی تفصیلات مل گئیں، حکومت کا بڑا دعویٰ
اسلام ٹائمز۔ وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے احتساب شہزاد اکبر نے کہا ہے کہ حکومت کو بیرون ملک اثاثے رکھنے والوں کی تفصیلات مل گئی ہیں۔ اسلام آباد میں وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری کے ہمراہ پریس کانفرنس کے دوران وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے احتساب شہزاد اکبر نے کہا کہ حکمران کرپٹ ہوں تو وہ ایسے قوانین بناتے ہیں جن کی مدد سے پیسے آسانی سے بیرون ملک بھیجے جا سکیں۔ لانچوں کے ذریعے پیسا باہر لے جایا جاتا ہے، ملک سے باہر بھیجے گئے پیسوں کو پھر واپس لاکر اپنا ثابت کیا جاتا ہے۔

وزیر اعظم کے معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ تنہا کرپٹ لوگوں کے خلاف لڑ رہی تھی اب حکومت بھی متحرک ہے، منی لانڈرنگ کے خاتمے کے لیے سخت اقدامات کر رہے ہیں، ایف آئی اے، ایف بی آر اور دیگر متعلقہ اداروں کو متحرک کیا گیا ہے۔ سوئس حکومت سے ہماری بات ہوئی ہے۔ مزید ممالک کے ساتھ بھی ہنڈی حوالہ پر گفتگو چل رہی ہے۔ بیرون ملک اثاثے رکھنے والوں کی تفصیلات موصول ہوگئی ہیں، بےنامی اکاؤنٹس میں رقم منتقلی کی تفصیلات بھی مل رہی ہیں، برطانیہ اور یو اے ای میں 10 ہزار سے زائد جائیدادوں کا سراغ لگایا گیا ہے، پہلے مرحلے میں 895 پراپرٹیز پر تحقیقات شروع کردی گئی ہیں، 300 پراپرٹیز کو نوٹسز جاری کر دیئے گئے ہیں۔

شہزاد اکبر نے کہا کہ لندن میں اسحاق ڈار کے دو مزید فلیٹس نکل آئے ہیں، دونوں فلیٹس اسحاق ڈار کے ہی نام پر ہیں۔ پاناما معاملے پر بات کرتے ہوئے شہزاد اکبر نے کہا کہ پاناما اور پیراڈائز پر صحیح معنوں میں تحقیق ہونی چاہیے تھی، پاناما میں شامل تمام افراد سے متعلق تحقیقات کا آغاز کردیا ہے، پاناما میں نام آنے کا مطلب ہرگز یہ نہیں کہ اس نے کرپشن کی ہے، جن کی کمپنیاں تھیں ان کو نوٹس دیں گے کہ آکر اپنا موقف پیش کریں۔

معاون خصوصی برائے احتساب نے کہا کہ سابق وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف پر وزیراعظم کا ہیلی کاپٹر استعمال کرنے کا 35 کروڑ روپے کا بل واجب الادا ہے، مشاہد اللہ خان پر پی آئی اے کےخرچ پر علاج کی مد میں ایک کروڑ روپے واجب الادا ہیں، مشاہداللہ خان کے معاملے کو تحقیقات کے لیے نیب کے پاس بھجوا رہے ہیں، جن لوگوں پر رقم واجب الادا ہے وہ رقم فوری طور پر خزانے میں جمع کرائیں۔ فواد چوہدری نے کہا کہ کرپشن کے خلاف کریک ڈاؤن اور بیرونی سرمایہ کاری معاشی پالیسی کے ستون ہیں، وزیراعظم نے واضح حکم دیا ہے کہ غریب کی جھونپڑی نہیں گرانی، خدا خدا کرکے چلنے والی پی آئی اے کے خرچے پر مشاہد اللہ خان نے اپنا علاج کرایا، قبضہ مافیا ختم کرنا ہے۔ مشاہداللہ کے بھائیوں کی بھرتی اور ترقیوں کی تحقیقات کرائیں گے، اب شہباز شریف کو بھی نوٹس جاری کیا جا رہا ہے۔
خبر کا کوڈ : 754036
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش