0
Saturday 6 Oct 2018 21:25

ملکی دولت لوٹنے والے ہی دہشتگردوں کے سہولتکار ہیں، ثروت اعجاز قادری

ملکی دولت لوٹنے والے ہی دہشتگردوں کے سہولتکار ہیں، ثروت اعجاز قادری
اسلام ٹائمز۔ پاکستان سنی تحریک کے سربراہ محمد ثروت اعجاز قادری نے کہا ہے کہ قرآن پاک مکمل ضابطہ حیات ہے، قرآن و سنت کے نظام کو نافذ کرکے کرپشن اور دہشتگردی کو ختم اور فوری انصاف کو یقینی بنایا جا سکتا ہے، ملک کی دولت لوٹنے والے ہی دہشتگردوں کے سہولت کار ہیں، دینی و دنیاوی جدید تعلیم سے بچوں کو آراستہ کرنا والدین اور حکومت کا مذہبی و قومی فرض ہے، پاکستان کی ترقی و خوشحالی کیلئے نئی نسل کو حکومتی سطح پر دور عصر کی جدید تعلیمات کیلئے مواقع فراہم کئے جائیں، ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی میں مرکز اہلسنت پر قرآن پاک حفظ کرنیوالے طلبہ و طالبات کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ ثروت اعجاز قادری نے کہا کہ دین اسلام امن و محبت بھائی چارگی اور احترام انسانیت کا درس دیتا ہے۔ انپوں نے کہا کہ انتہاپسندی کے خاتمے اور ملک کے استحکام کیلئے تمام مذہبی و سیاسی جماعتوں کو یکجا ہوکر جدوجہد کرنا ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو اسلامی و فلاحی ریاست بنانے کیلئے علماء کرام کو آگے آکر جدوجہد کرنا ہوگی، دین سے دوری کی وجہ سے آج مسلمان پوری دنیا میں مصائب و آلام کا شکار ہیں۔

ثروت اعجاز قادری نے کہا کہ ملک انتہاپسندی، دہشتگردی اور کرپشن کی لعنت میں گھیرا ہوا ہے، ملک کی دولت لوٹنے والے ہی دہشتگردوں کے سہولت کار ہیں، پاکستان سنی تحریک دہشتگردی، کرپشن اور غربت سے ملک کو نجات دلانا چاہتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت میں موجود طالع آزماء عوام کے مسائل حل کرنے کی بجائے کرپشن چھپانے کیلئے اوچھے ہتھکنڈے استعمال کئے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اہلسنت کے اتحاد کیلئے آخری سانس تک جدوجہد جاری رکھیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ قرآن پاک کی تعلیم حاصل کرکے ہی دہشتگردی کو ختم کیا جا سکتا ہے، قرآن عظیم کی تعلیمات ہمیں سیدھا راستہ دیکھانے کے ساتھ دنیاوی فتنوں سے نجات دلاتی ہیں، والدین بچوں کو جدید تعلیم کے ساتھ دینی تعلیم لازمی دلائیں، ملک کو مسائل کی دلدل سے نکالنے کیلئے قرآن و سنت کی بالادستی کو قائم کرنا ہوگا۔
خبر کا کوڈ : 754295
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش