0
Friday 26 Oct 2018 14:20

خضدار اور بوستان میں صنعتی زون اور کوئٹہ گوادر ریل منصوبے سی پیک میں شامل ہیں، جام کمال

خضدار اور بوستان میں صنعتی زون اور کوئٹہ گوادر ریل منصوبے سی پیک میں شامل ہیں، جام کمال
اسلام ٹائمز۔ وزیراعلٰی بلوچستان جام کمال خان نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت سرمایہ کاری کے مختلف منصوبوں میں شراکت داری کے ذریعہ صوبے کے مفادات کا تحفظ یقینی بنانا چاہتی ہے۔ مختلف شعبوں میں سرمایہ کاروں کے ساتھ پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ اور بی او ٹی کی بنیاد پر منصوبوں کو ترجیح دی جائے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے چینی کمپنی سی سی ای سی سی کے منیجنگ ڈائریکٹر سے بات چیت کرتے ہوئے کیا، جنہوں نے کوئٹہ ان سے ملاقات کی۔ چینی کمپنی کے حکام نے بلوچستان میں ریل انڈسٹریل زون، فری زون، واٹر ٹریٹمنٹ اور معدنیات کے شعبوں میں پی پی پی موڈ اور بی او ٹی کے علاوہ سرمایہ کاری کی بنیاد پر کام کرنے میں گیری دلچسپی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان کی کمپنی شراکت داری کی بنیاد پر حکومت بلوچستان کے ساتھ کام کرنے کے لئے تیار ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ان کی کمپنی مختلف ممالک میں ریل، روڈ اور دیگر شعبوں میں کام کر رہی ہے۔

وزیراعلٰی بلوچستان جام کمال نے کہا کہ سی پیک کے تناظر میں بلوچستان میں بنیادی ڈھانچے کی توسیع کی وسیع گنجائش موجود ہے۔ بوستان اور خضدار میں صنعتی زون کا قیام سی پیک میں شامل ہے، جبکہ کوئٹہ گوادر ریل کا منصوبہ بھی سی پیک کا حصہ ہے۔ صوبائی حکومت انڈسٹریل پارک، فری زونز، واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ سمیت لائیو اسٹاک، ماہی گیری، زراعت، توانائی اور معدنیات کے شعبوں میں سرمایہ کاری کا خیر مقدم کریگی۔ بلوچستان بورڈ آف انوسٹمنٹ اینڈ ٹریڈ کے تحت سرمایہ کاروں کو تمام ضروری سہولیات اور ون ونڈو آپریشن کی سہولت فراہم کی جائے گی۔ ہم اپنے وسائل اور اثاثہ جات کو بروئے کار لانے کے ساتھ ساتھ ان کا تحفظ بھی چاہتے ہیں۔ ہماری خواہش ہے کہ سرمایہ کاری کے منصوبوں میں بلوچستان کی بھی شراکت داری ہو، تاکہ ان کا زیادہ سے زیادہ فائدہ صوبے اور یہاں کے عوام تک پہنچے۔
خبر کا کوڈ : 757926
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش