0
Friday 23 Nov 2018 23:19

کراچی، چینی قونصلیٹ حملے میں شہید دونوں پولیس اہلکاروں کی نماز جنازہ ادا

کراچی، چینی قونصلیٹ حملے میں شہید دونوں پولیس اہلکاروں کی نماز جنازہ ادا
اسلام ٹائمز۔ شہر قائد میں چینی قونصلیٹ پر دہشتگرد حملے کو ناکام بناتے ہوئے اپنی جانوں کا نذرانہ دینے والے شہید پولیس اہلکار اے ایس آئی اشرف داؤد اور اہلکار محمد عامر خان کی نماز جنازہ پولیس ہیڈکوارٹرز گارڈن ساؤتھ میں ادا کر دی گئی، اس موقع پر پولیس کے خصوصی دستے نے دونوں شہید اہلکاروں کو سلام پیش کیا اور پھولوں کی چادر چڑھائی۔ شہید اے ایس آئی اشرف داؤد کی عمر 48 سال، جو لیاری نیا آباد کا رہائشی اور سوگواران میں تین بیٹیاں اور ایک تین سالہ بیٹا شامل ہے، جبکہ کانسٹیبل محمد عامر خان کی عمر 35 سال اور یہ نیلم کالونی کلفٹن کا رہائشی تھا۔ سوگواران میں ایک بیٹی اور ڈھائی ماہ کا بیٹا شامل ہے، نماز جنازہ میں گورنر سندھ، وزیراعلیٰ سندھ، چیف سیکریٹری سندھ، کور کمانڈر کراچی، آئی جی سندھ، ڈی جی رینجرز سندھ و دیگر سینئر پولیس افسران کے علاوہ شہداء کے عزیز و اقارب، دوست، احباب اور اہلیان علاقہ نے بھی کثیر تعداد میں شرکت کی۔

آئی جی سندھ ڈاکٹر سید کلیم امام نے نماز جنازہ میں شریک شہداء پولیس کے ورثاء سے ہمدردی اور یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے انہیں محکمہ پولیس سندھ کی جانب سے ہرممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ انہوں نے دونوں شہدائے پولیس کیلئے تمغہ شجاعت کا اعلان کرتے ہوئے انکی محکمانہ خدمات کو خراج عقیدت پیش کیا۔ آئی جی سندھ نے اے آئی جی ویلفیئر سندھ کو ہدایات دیں کہ دونوں شہداء کے حقیقی اور قانونی ورثاء کو محکمہ پولیس کی جانب سے تمام تر مروجہ مراعات کی ادائیگی کو جلد سے جلد یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے متعلقہ پولیس افسران کو بھی ہدایات دیں کہ شہداء کے ورثاء کو محکمانہ مراعات کی ادائیگی کے حوالے سے جملہ ضروری قانونی و دستاویزی امور کو ہنگامی بنیاد پر ترتیب دیکر اے آئی جی ویلفیئر سندھ کو ارسال کئے جائیں۔
خبر کا کوڈ : 762873
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش