0
Sunday 6 Jan 2019 18:47

حکومت ہمارا مقابلہ الیکشن میں بھی نہیں کر سکتی ہے، بلاول بھٹو

حکومت ہمارا مقابلہ الیکشن میں بھی نہیں کر سکتی ہے، بلاول بھٹو
اسلام ٹائمز۔ پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے لاہور کے علاقے شادمان میں پارٹی رہنما شکیلہ رشید کی وفات پر اہلخانہ سے اظہار تعزیت کے بعد  میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم گرینڈ الائنس کی طرف نہیں جا رہے، پیپلز پارٹی اکیلے بھی اپوزیشن کرسکتی ہے، نیب اوردیگر ادارے دباﺅ میں کام کر رہے ہیں، مولانا فضل الرحمان کے ساتھ آصف زرداری کی ملاقاتیں ہوتی رہتی ہیں اور ان ملاقاتوں کے نتیجے میں ضرور کچھ نہ کچھ نکلتا ہے۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پیپلز پارٹی اکیلے بھی اپوزیشن کرسکتی ہے، یہ حکومت نا تجربہ کار ہے، یہ نہ وفاقی میں حکومت کر سکتے ہیں اورنہ پنجاب چلا سکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ آصف زرداری تمام سیاستدانوں کو ساتھ لیکر چل سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم سیاسی ایشوز کا سیاسی طور پر جواب دے رہے ہیں اور قانونی ایشوز کا قانونی طور پر جواب دے رہے ہیں، جے آئی ٹی رپورٹ جعلی ہے، میں سیاستدانوں کو سیاسی جواب دوں گا اور ججز کو قانونی جواب دوں گا۔ انہوں نے کہا کہ گرینڈ لائنس کی طرف نہیں جا رہے، ایشوز پر سیاست کر رہے ہیں، اس وقت نیب اور دوسرے ادارے حکومتی دباﺅ میں کام کر رہے ہیں، حکومت کی کوئی کارکردگی نہیں، اس لئے وہ اپوزیشن کو دباﺅ میں لاکر اپوزیشن کو نشانہ بنا رہے ہیں۔
 
انہوں نے کہا کہ حکومت ہمارا مقابلہ الیکشن میں نہیں کر سکتی ہے، اس لئے دباﺅ کا نشانہ بنا رہی ہے، حکومت کے پاس دکھانے کیلئے کچھ نہیں، جے آئی ٹی رپورٹ میں آصف زرداری کی کردار کشی کی گئی ہے، جس کو مسترد کرتے ہیں، آصف زرداری کو بغیر کسی جرم کے گیارہ سال تک جیل میں ڈالا گیا، جے آئی ٹی سیاسی بنیادوں پر بنی، اس میں وکلاء صفائی کا موقف ہے ہی نہیں۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری عہدے پر براجمان شخص کو غیر سیاسی ہونا چاہئے، میں ایک سال کا تھا جب سے سن رہا ہوں کہ آصف زرداری کو گرفتار کر رہے ہیں، ہم نظریاتی سیاستدان ہیں، ہم دھمکیوں سے نہیں ڈرتے اور ذوالفقار علی بھٹو کے دیئے ہوئے آئین کی حفاظت کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت سیاسی انجینئرنگ کرنا چاہتی ہے۔ بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ اس وقت ٹرین کا سفر بھی مہنگا ہوگیا ہے، عوام مہنگائی میں پس رہے ہیں، پیپلز پارٹی کو بدنام کرنے کی کوششیں ذوالفقار علی بھٹو اور بے نظیر دور سے ہوتی رہی ہیں، حکومت کی کارکردگی ہے ہی نہیں، اتنی نااہل اور نالائق حکومت زندگی بھر نہیں دیکھی، حیرت ہے موسم سرما میں بھی بجلی کی لوڈشیڈنگ ہو رہی ہے۔ انہوں نے  کہا کہ شیخ رشید میرے بیانات پر تبصروں کی بجائے ٹرینیں چلائیں، وزراء کا کام اپنے شعبے چلانا ہوتا ہے، تبصرہ بازی نہیں۔
خبر کا کوڈ : 770599
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش