0
Tuesday 15 Jan 2019 14:03

شہباز شریف نے این آر او لے لیا، نواز شریف جلد ملک سے اور آصف زرداری سیاست سے آئوٹ ہوجائینگے، جمشید دستی

شہباز شریف نے این آر او لے لیا، نواز شریف جلد ملک سے اور آصف زرداری سیاست سے آئوٹ ہوجائینگے، جمشید دستی
اسلام ٹائمز۔ عوامی راج پارٹی کے سربراہ جمشید دستی نے کہا ہے کہ شہباز شریف این آر او لے چکے ہیں، نواز شریف ملک اور زرداری سیاست سے نکل جائیں گے، ان کے بیٹے اور بیٹیاں آئندہ سیاست کریں گی، سرائیکی صوبے کے قیام کے لئے مارچ میں پورے سرائیکی وسیب میں سائیکل مارچ کروں گا اور صوبہ محاذ کے لوگوں کو بھی بے نقاب کروں گا، سابقہ حکمرانوں کی طرح موجودہ حکمران بھی کرپٹ ہیں، کیونکہ حکومت میں (ن) لیگ اور پیپلزپارٹی کے کرپٹ لوگ موجود ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے حالیہ عام انتخابات کے بعد ملتان پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر یونین کونسل کے چیئرمین ملک اجمل کالرو بھی ان کے ہمراہ تھے۔ جمشید دستی نے مزید کہا کہ تین ڈویژنوں پر مشتمل بہاولپور صوبہ ہمیں قابل قبول نہیں ہے، سب سول سیکریٹریٹ کا قیام بھی تخت لاہور کی غلامی کی ایک شکل ہے، ملتان، بہاولپور، ڈیرہ غازی خان، ڈیرہ اسماعیل خان، ٹانک سمیت دیگر علاقوں پر مشتل ایک سرائیکی صوبہ بنایا جائے اور اس کا دارالخلافہ ملتان میں ہونا چاہیئے۔ اس کے علاوہ صوبے کی اور شکل قابل قبول نہیں ہوگی۔ طارق بشیر چیمہ کا مطالبہ بالکل غلط ہے، جسے کسی صورت بھی قبول نہیں کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ حالیہ انتخابات کے بعد اپنی حکومت کے پہلے سو دنوں میں بھی عمران خان قوم سے ایک وعدہ بھی پورا نہیں کرسکے، میں اگرچہ کچھ عرصہ تک خاموش رہا ہوں، لیکن جب حکمران جماعت کے ارکان اسمبلی تھانے اور پٹواریوں کی سیاست کر رہے ہوں تو میں خاموش نہیں رہ سکتا، جو کرپٹ لوگ پی ٹی آئی میں شامل ہوگئے ہیں، ان کا احتساب نہیں ہو رہا، ایسا محسوس ہوتا ہے کہ ملک میں سول مارشل لاء نافذ ہے، عمران خان اور حکومت کہیں نظر نہیں آرہی، کرپٹ اور لٹیرے حکومت کر رہے ہیں اور انتقامی کارروائیوں میں مصروف ہیں، اعلیٰ پولیس حکام اور بیشتر بیوروکریٹ بھی کرپٹ ہیں، وزیراعلیٰ پنجاب کے پاس اتنا وقت نہیں ہے کہ وہ اپنا پسماندہ علاقے کا دورہ کرسکیں۔ انہوں نے کہا کہ حکمرانوں کی طرح اپوزیشن میں بھی کرپٹ لوگ بیٹھے ہیں، بین الاقوامی سطح پر ہم تنہا ہوچکے ہیں، ان حالات میں عوامی راج پارٹی عوام کے حقوق کی بحالی اور سرائیکی صوبے کے قیام کے لئے بھرپور تحریک چلائے گی۔

مارچ سے شروع کئے جانے والے سائیکل مارچ میں ہر شہر کے چوراہوں پر کھڑے ہوکر عوام کی آواز بلند کروں گا، کرپٹ لوگوں کو بے نقاب کروں گا۔ انہوں نے کہا کہ آج حالات یہ ہیں کہ جو پی ٹی آئی کے ورکر عمران خان کے گن گاتے تھے، وہ بھی پریشانی کا شکار ہیں، حقیقی ورکرز کو ان کے اپنے ہی دور کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جو عوام کے حقوق کی آواز بلند کرتا ہے، اس پر دہشت گردی ایکٹ کے مقدمے درج کر دیئے جاتے ہیں اور انہیں جیل کی سلاخوں میں ڈالا جا رہا ہے، جس کی وجہ سے مظلوم لوگ اپنے علاقوں سے نقل مکانی پر مجبور ہو رہے ہیں، نااہل لوگوں کو اقتدار میں بٹھا کر خونی انقلاب کی بنیاد رکھ دی گئی ہے، اسٹیبلشمنٹ کو چاہیئے کہ وہ چوروں، ڈاکووں کی بجائے دیانتدار لوگوں کو سامنے لائے، جو حقیقی معنوں میں ملک و قوم کے خیرخواہ ہوں۔
خبر کا کوڈ : 772197
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش