0
Sunday 20 Jan 2019 13:33

شیخ حسن جوہری کی طبیعت ناساز، جیل سے ہسپتال منتقل

شیخ حسن جوہری کی طبیعت ناساز، جیل سے ہسپتال منتقل
اسلام ٹائمز۔ گلگت بلتستان یوتھ الائنس کے چیئرمین و بلتستان کے معروف عالم دین شیخ حسن جوہری کی طبیعت ناساز ہونے کی وجہ سے ڈسٹرکٹ جیل سے ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق شیخ حسن جوہری کی جیل میں طبیعت ناساز ہوگئی اور انہیں فوری طور پر ڈسٹرکٹ جیل سے ہسپتال منتقل کردیا گیا، جہاں انکا علاج جاری ہے۔ ہسپتال میں انہیں خصوصی سکیورٹی دی جارہی ہے اور عام لوگوں کو ان سے ملنے کی اجازت نہیں دی جارہی۔ انجمن تاجران کے سربراہ غلام اطہر نے انکی عیادت کی اور بتایا کہ شیخ حسن جوہری کی طبیعت بہتری کی جانب گامزن ہے۔ واضح رہے کہ شیخ حسن جوہری کئی سالوں سے عارضہ قلب میں مبتلا ہے اور زیرعلاج ہیں۔ جیل میں اگر کسی قسم کا ناخوشگوار واقعہ پیش آیا تو اسکی ذمہ داری اسکردو انتظامیہ پر عائد ہوگی۔ گلگت بلتستان یوتھ الائنس کے بانی و چیئرمین نے گرفتاری کے بعد جیل انتظامیہ کی جانب سے خصوصی کمرے میں بیٹھنے کی پیشکش قبول کرنے سے معذرت کرلی تھی۔ جب شیخ حسن جوہری کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا گیا تو جیل پہنچتے ہی ڈپٹی سپرٹینڈنٹ نے ان سے کہا کہ آپ عالم دین ہیں اگر آپ خصوصی کمرے میں رہنا پسند کرتے ہیں تو ہم آپ کو خصوصی کمرے میں بٹھائیں گے اور عام قیدیوں کے ساتھ نہیں رکھیں گے۔ اس دوران شیخ حسن جوہری نے جیل انتظامیہ کی پیشکش کو ٹھکراتے ہوئے کہا کہ مجھے خصوصی کمرے کی کوئی ضرورت نہیں، مجھے وہاں بٹھایا جائے جہاں دوسرے قیدی موجود ہیں۔ ان کی جانب سے معذرت کرنے کے بعد انہیں عام قیدیوں کے بیرک میں بٹھادیا گیا۔
خبر کا کوڈ : 773140
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش