0
Thursday 7 Feb 2019 23:58

کراچی کے مسائل کا حل صرف مہاجروں کے پاس ہی ہے، سلیم حیدر

کراچی کے مسائل کا حل صرف مہاجروں کے پاس ہی ہے، سلیم حیدر
اسلام ٹائمز۔ مہاجر اتحاد تحریک کے چیئرمین ڈاکٹر سلیم حیدر نے کہا ہے کہ کراچی کے مسائل کا حل صرف مہاجروں کے پاس ہی ہے، مصنوعی قیادت کے ذریعے کراچی کے مسائل مزید پیچیدہ ہوتے جائیں گے، اس لئے کراچی کے مہاجروں کیلئے حکومت فوری طور پر ترقیاتی پیکیج کا اعلان کرے، تاکہ مہاجروں میں پائی جانے والی احساس محرومی دور کی جا سکے۔ اپنے ایک بیان میں سلیم حیدر نے کہا کہ کراچی کے وسائل کو لوٹنے والی پیپلز پارٹی کی قیادت اور صوبائی حکومت کے خلاف فوری کارروائی کی جائے اور وسائل کی لوٹ مار میں ملوث بااثر شخصیات کو عدالت کے کٹہرے میں لاکر سخت سے سخت سزا دی جائے۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی لوٹ مار کی تاریخ ہے ہر دور حکومت میں پیپلز پارٹی کے رہنماؤں اور حکمرانوں نے شہری وسائل کو لوٹ کر اپنی جائیدادیں بنائیں۔

سلیم حیدر نے کہا کہ پچھلے دو ادوار میں پیپلز پارٹی کی حکومتیں کرپشن، لوٹ مار اور اقرباءپروری کے الزامات میں برطرف کی گئی تھیں، اب بھی پیپلز پارٹی کے حکمران اسی طرح لوٹ مار میں مصروف ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی سندھ کو اپنی جاگیر سمجھتی ہے اور سندھ کے وسائل کو مال غنیمت کی طرح لوٹ رہی ہے، شہری علاقوں کو تباہ کر دیا گیا ہے، حیدرآباد، کراچی، میرپورخاص، سکھر کھنڈر بن چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مہاجروں نے کراچی اور حیدرآباد سمیت شہری علاقوں کو اپنے خون و پسینے سے گل و گلزار بنایا ہے، اس لئے سندھ کے شہری علاقوں کے اختیارات مہاجروں کو دیئے جائیں اور کراچی کے وسائل کراچی ہی پر خرچ کئے جائیں۔
خبر کا کوڈ : 776785
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش