0
Sunday 17 Feb 2019 22:33

شہری سہولتوں سے متعلق محکموں کو اپنا قبلہ درست کرنا ہوگا، وقار مہدی

شہری سہولتوں سے متعلق محکموں کو اپنا قبلہ درست کرنا ہوگا، وقار مہدی
اسلام ٹائمز۔ وزیراعلیٰ سندھ کے معاون خصوصی برائے انسپیکشن ٹیم وقار مہدی نے کہا ہے کہ چیف منسٹر انسپیکشن ٹیم کے محکمے میں متعدد شکایتوں کی جانچ پڑتال کے بعد ان کی باریک بینی سے تحقیقات کررہا ہے، جس کے بعد تحقیقاتی کارروائی کو مکمل کرنے کے بعد وزیراعلیٰ سندھ کو پیش کرکے مزید احکامات لئے جائیں گے۔ انہوں نے یہ بات میڈیا کے نمائندوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ سندھ میرٹ اور کام کے معیار کو اولین ترجیح دیتے ہیں اور ان کی ہدایت ہے کہ صوبے میں جاری ترقیاتی کاموں کی بہتر انداز میں نگرانی کی جائے اور ان کے معیار کو جانچنے کیلئے ان کی باقاعدہ انسپیکشن بھی کی جائے تاکہ عوام کو معیاری اور بروقت سہولیات میسر آسکیں۔ وقار مہدی نے کہا کہ وہ مختلف محکموں میں جاری ترقیاتی کاموں کا دورہ کرچکے ہیں اور آئندہ ہفتے ورکس اینڈ سروسز کے تحت اے ڈی پی اسکیموں کے جاری منصوبوں، واٹر بورڈ، کے ڈی اے، ایل ڈے اے، ایم ڈی اے، سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی، اسکولوں اور اسپتالوں کا بھی اچانک دورہ کر کے صورتحال کا جائزہ لیں گے اور اس کی مفصل رپورٹ وزیراعلیٰ سندھ کو پیش کرینگے۔

انہوں نے کہا کہ اداروں کو اپنی کارکردگی مزید بہتر بنانا ہوگی تاکہ عوام کو ہم زیادہ سے زیادہ ریلیف دے سکیں، دفاتر میں دیر سے آنے والوں کے خلاف تادیبی کارروائی کی جائے گی، اگر ملازمین دیر سے آفس آتے ہیں تو اس کا ذمہ دار متعلقہ افسر ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ شہری سہولتوں سے متعلق محکموں کو اپنا قبلہ درست کرنا ہوگا اور جائز اور فوری نوعیت کی عوامی شکایات پر جو افسر فوری کارروائی نہیں کریگا اس کو اظہار وجوہ کا نوٹس جاری کیا جائے گا۔
خبر کا کوڈ : 778569
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش