0
Tuesday 19 Feb 2019 12:29

قابض فوج کا ظلم و ستم تمام حدود عبور کر چکا، مسعود خان

قابض فوج کا ظلم و ستم تمام حدود عبور کر چکا، مسعود خان
اسلام ٹائمز۔ صدر آزادکشمیر سردار مسعود خان نے سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلیمان کے دورہ پاکستان کے دوران مختلف شعبوں میں بیس ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کے معاہدوں اور مفاہمت کی یاداشت پر دستخط کرنے کا خیرمقدم کرتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا کہ وہ دورہ بھارت کے دوران مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارت کے مظالم اور انسانی حقوق کی پامالیوں کا معاملہ بھی اُٹھائیں گے۔ پیر کے روز صدر پاکستان کی طرف سے سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلیمان کے اعزاز میں دیے گئے ظہرانے میں شرکت کے بعد ایک خصوصی بیان میں انہوں نے کہا کہ پاکستان اور لائن آف کنٹرول کے دونوں جانب بسنے والے کشمیری حجاز مقدس اور مقامات مقدسہ کی محافظ سعودی حکومت اور عوام کے ساتھ والہانہ محبت و عقیدت رکھتے ہیں۔ اسلامی تعاون تنظیم کے ایک اہم رکن اور مسلم دنیا میں خصوصی حیثیت رکھنے والے سعودی عرب نے مسئلہ کشمیر پر ہمیشہ پاکستان کا بھرپور ساتھ دیا جس پر اہل جموں و کشمیر سعودی عرب کے عوام اور سعودی حکومت کے نہایت شکرگزار ہیں۔

سردار مسعود نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی قابض فوج کا ظلم و ستم اور بھارتی ریاستی دہشت گردی تمام حدود کو عبور کر چکی ہے۔ مقبوضہ وادی کے محصور اور مجبور عوام سعودی عرب سمیت پوری عالمی برادری سے توقع رکھتے ہیں کہ وہ انسانیت کے ناطے ان کے حق میں آواز بلند کریں گے اور بھارت کو ظلم و بربریت سے روک کر اپنا اخلاقی اور انسانی فریضہ انجام دیں گے۔ انھوں نے کہا کہ آزادی اور حق خودارادیت کشمیریوں کا پیدائشی اور بنیادی حق ہے جسے بھارت سمیت دنیا کی کوئی طاقت کشمیریوں سے چھین نہیں سکتی۔ حق خودارادیت کے حصول کو بین الاقوامی برادردی نے بھی اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کی صورت میں تسلیم کر رکھا ہے۔ اس لیے اس حق کو مانگنے کے جرم میں کشمیریوں پر مظالم بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی اور ریاستی دہشت گردی ہے جسے فی الفور بند ہونا چاہیے۔

صدر آزادکشمیر نے کہا کہ اپنے جائز حق کے لیے کشمیریوں کی بے مثال جدوجہد اور بھارتی مظالم کے باوجود ان کے بلند حوصلے کشمیر کی جدوجہد آزادی کی کامیابی کی دلیل ہے۔ کشمیری عوام اپنے حق کے لیے گزشتہ دو سو سال سے جدوجہد کر رہے ہیں۔ بھارت نے گزشتہ 71 سال میں ظلم و جبر کے تمام حربے ازما کر دیکھ لیا کہ کشمیریوں کے عزم و حوصلے کو توپ و تفنگ سے مات نہیں دی جا سکتی۔ صدر آزادکشمیر نے بھارتی حکمرانوں سے کہا کہ وہ زمینی حقائق کو تسلیم کرتے ہوئے جموں و کشمیر کے تنازعہ کے پرامن سیاسی اور سفارتی حل کی تلاش کے لیے پاکستان اور جموں و کشمیر کے عوام کے ساتھ بات چیت کا آغاز کریں تاکہ خطہ میں موجود عدم استحکام اور امن کو لاحق خطرات کو کم کیا جا سکے۔
خبر کا کوڈ : 778772
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش