0
Thursday 21 Feb 2019 19:01

نظام بدلے گا تو حالات بدلیں گے، پاکستان عوامی تحریک

نظام بدلے گا تو حالات بدلیں گے، پاکستان عوامی تحریک
اسلام ٹائمز۔ پاکستان عوامی تحریک لاہور کے زیراہتمام منعقدہ ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے مرکزی کوآرڈینیٹر عارف چودھری نے کہا ہے کہ ملک کے تمام اضلاع میں عوامی تحریک کی تنظیم سازی کا عمل شروع ہے، عوام کی بڑی تعداد عوامی تحریک کی ممبر شپ حاصل کر رہی ہے، موجودہ نظام میں بے رحم احتساب ممکن ہے اور نہ عوام کو ان کے بنیادی حقوق ملیں گے، تحریک انصاف کی حکومت بھی اس نظام میں اپنا کردار ادا کرنے سے عاجز ہے، نظام بدلے گا تو حالات بدلیں گے، سابق کرپٹ حکمرانوں نے سانحہ ماڈل ٹاؤن میں بے گناہوں کو شہید کیا، ڈاکٹر طاہرالقادری کی قیادت میں آئندہ نسل کو پُرامن اور خوشحال پاکستان دینے کیلئے کوشاں ہیں۔ عوامی تحریک لاہور کے زیر اہتمام منعقدہ ورکرز کنونشن میں پی اے ٹی لاہور کے صدر چودھری افضل گجر، منہاج القرآن لاہور کے امیر حافظ غلام فرید، جنرل سیکرٹری شفاقت مغل، حبیب اللہ بٹ، میاں افتخار، طارق الطاف، مرزا حنیف صابری، احمد صادق، حاجی غلام غوث، خالد محمود، حاجی عبدالخالق قادری و دیگر رہنما بھی موجود تھے۔

اس موقع پر قائد منہاج القرآن و سربراہ پی اے ٹی ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی 68ویں سالگرہ کا کیک کاٹا گیا، ان کی درازی عمر کیلئے دعا کی گئی۔ ورکرز کنونشن میں ڈاکٹر طاہرالقادری کی تالیف قرآنی انسائیکلوپیڈیا کو زبردست خراج تحسین پیش کیا گیا۔ منہاج القرآن لاہور کے امیر حافظ غلام فرید نے کہا کہ ڈاکٹر طاہرالقادری کی جدوجہد اسلام کے احیاء، حضور (ص) کی محبت و اتباع، ملک کی خوشحالی کیلئے ہے، ڈاکٹر طاہرالقادری کی تالیف قرآنی انسائیکلوپیڈیا رہتی دنیا تک اپنی روشنی سے ملت اسلامیہ کو منور کرتا رہے گا۔ صدر پی اے ٹی لاہور چودھری افضل گجر نے کہا کہ ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے سب سے پہلے دہشتگردی کیخلاف مبسوط تاریخی فتویٰ دے کر دنیا کو اسلام کا پیغام امن دیا، آج بھی دنیا میں دہشتگردی کیخلاف سب سے زیادہ موثر آواز ڈاکٹر طاہرالقادری کی ہے، سینکڑوں کتب، ہزاروں خطابات کی شکل میں ڈاکٹر طاہرالقادری دنیا کو اسلام کا روشن چہرہ دکھا رہے ہیں۔

جنرل سیکرٹری لاہور شفاقت علی مغل نے کہا کہ یہ ڈاکٹر طاہرالقادری کا دیا ہوا سیاسی شعور ہی ہے کہ آج قاتل اور کرپٹ لوگ نااہل ہو کر جیلوں میں ہیں، پاکستان عوامی تحریک نے ملک میں سیاسی شعور کو بیدار کیا اور یہ جدوجہد آج بھی جاری ہے، پاکستان عوامی تحریک کے کارکن آج کے دن اپنے قائد سے تجدید عہد کرتے ہیں کہ وہ پرعزم تھے، پرعزم ہیں اور پرعزم رہیں گے۔ ورکرز کنونشن میں ڈاکٹر طاہرالقادری کی علمی، سیاسی، مذہبی خدمات کو خراج تحسین پیش کرنے کیلئے نوجوانوں نے خصوصی کلام بھی مترنم انداز میں پیش کیے، شرکاء نے تالیوں کے ساتھ اپنے جذبات کا اظہار کیا، تقریب کے اختتام پر تالیوں کی گونج میں ڈاکٹر طاہرالقادری کی صحت و سلامتی کیلئے دعا کی گئی۔
خبر کا کوڈ : 779293
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش