0
Wednesday 27 Feb 2019 09:18

پارٹی میں ون مین شو نہیں چلنے دیں گے، شاہ غلام قادر

پارٹی میں ون مین شو نہیں چلنے دیں گے، شاہ غلام قادر
اسلام ٹائمز۔ آزادکشمیر قانون ساز اسمبلی کے سپیکر اسمبلی و سیکرٹری جنرل نون لیگ شاہ غلام قادر نے کہا ہے کہ نون لیگ آزادکشمیر کی صدارت کا امیدوار ہوں چاہے مدمقابل امیدوار کوئی بھی ہو۔ سردار سکندر حیات خان سے ہم نے سیاسی تربیت حاصل کی ہے، سردار سکندر حیات خان کو دو کروڑ روپے دینے کا الزام انتہائی بھونڈا الزام ہے۔ ایسے عناصر کی وجہ سے نون لیگ ارتعاش کا شکار ہے جس کی بھرپور مذمت کرتا ہوں، میرے حوالے سے کسی نے احتساب کرنا ہے یا فائلیں کھولنی ہیں تو سو بار کرے۔ جماعتی معاملات میں اصلاح کے لئے آخری حد تک جاؤں گا، اگر بہتری نہ آئی تو مدر پارٹی سے رابطہ کریں گے، عدم اعتماد کا حامی نہیں۔ احسن اقبال کی موجودگی میں کشمیر ہاؤس میں جماعت کی مجلس عاملہ کا جو اجلاس ہوا اس میں مجلس عاملہ کے ممبران کم اور غیر متعلقہ کاکنان زیادہ تھے، خود ساختہ ممبران مجلس عاملہ کا کوئی رول نہیں۔ تین چار کا ایک ٹولہ ہے جو وزیراعظم پر سوار ہے، اگر راجہ فاروق برطانیہ اور یورپ میں انجوائے کر رہے ہیں تو کیا ہوا ہم بھی یہاں انجوائے کر رہے ہیں۔

شاہ غلام قادر نے کہا 25 ارب روپے کا ترقیاتی بجٹ ہے اور سارے آزادکشمیر کے عوام چیخ چیخ کر فریادیں کر رہے ہیں، سڑکیں ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہیں، ترقیاتی کام ہو نہیں رہے ہیں، بیوروکریٹ مسلم لیگ نون کے کارکنوں کو لفٹ نہیں کرواتے ہیں۔ وزیراعظم راجہ فاروق خان کی ’’طرز حکمرآنی‘‘ درست نہیں ہے۔ جماعت کا مرکزی جنرل سیکرٹری میں ہوں، عہدیداروں کی فہرستیں میرے پاس ہیں حالیہ مجلس عاملہ کے اسلام آباد میں ہونے والے اجلاس میں سب کو نہیں بلایا گیا تھا۔ میں کہتا ہوں کہ اگر ابھی اصلاح نہ کی گئی تو ہم عوام کے پاس دو سال بعد کیا لینے جائیں گے، وزیراعظم راجہ فاروق خان حکومت نہیں ہیں ہم نے ان کو وزیراعظم منتخب کیا ہے، پارٹی میں ون مین شو نہیں چلنے دیا جائے گا۔

انھوں نے کہا کہ پارلیمانی پارٹی کا اجلاس بلایا جائے پتا چل جائے گا، کوئی ’’ڈومور‘‘ کی بات نہیں ہے ملک نواز میرے 30سال کے ساتھی ہیں ان کو کیسے نظر انداز کر سکتا ہوں، میرا دورہ کوٹلی نجی ہے، جماعتی نہیں کہ کارکنوں کی فوج ساتھ ہو۔ سردار سکند حیات خان سے ملاقات اور ایک دو فاتحہ خوانیاں کرنی تھی۔ وہ گزشتہ روز پی ڈبلیو ڈی ریسٹ ہاؤس میں اخبار نویسوں سے گفتگو کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ اپنی ذات کے لئے کچھ نہیں چاہیے، چند لوگوں کی بے جا مداخلت سے جماعتی اور حکومتی نظام مفلوج ہو رہا ہے جو کہ کسی بھی صورت میں قبول نہیں ہے۔
خبر کا کوڈ : 780313
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش