0
Saturday 2 Mar 2019 11:27

کشمیریوں کا مسئلہ انٹرنیشنلائز ہو چکا ہے، راجہ فاروق

کشمیریوں کا مسئلہ انٹرنیشنلائز ہو چکا ہے، راجہ فاروق
اسلام ٹائمز۔ آزادکشمیر کے وزیراعظم راجہ محمد فاروق خان نے کہا ہے کہ ہندوستان کی حکومت مسخروں کے ہاتھ میں ہے، نریندر مودی گھبرا گیا ہے، نریندر مودی نے جو چال ہمارے خلاف چلی تھی اب خود اس میں پھنس گیا ہے، بھارت کا دہشتگرد وزیراعظم وہاں انتہاء پسندی کو ہوا دینے کیلئے جو جمعیت بنانے کی کوشش کر رہا ہے اس کا انجام بہت برا ہو گا۔ ہندوستان نے الزام لگایا کہ میرے حلقہ انتخاب میں نیلی کے مقام پر دہشتگردوں کا کیمپ ہے میں ان کو بتانا چاہتا ہوں کہ نیلی میں کوئی دہشتگرد نہیں رہتے، مین روڈ کے ساتھ مہاجرین کا کیمپ ہے۔ میں واپس وطن جا کر میڈیا کو ساتھ لیکر وہاں جاؤں گا اور دنیا کو دکھاؤں گا کہ یہاں کون سے دہشتگرد رہ رہے ہیں۔ مقبوضہ کشمیر میں بھی میڈیا کو جانے کی اجازت دی جائے۔ آزادکشمیر کے عوام پاک فوج کی پشت پر ہیں اور ان کے حوصلے قابل رشک ہیں۔ پاکستان کی پارلیمنٹ کے علاوہ ستر سال بعد برطانوی پارلیمنٹ میں کشمیر پر بات ہوئی ہے اور برطانوی وزیر نے آزاد جموں و کشمیر کے وزیراعظم کا ذکر کیا اور کہا کہ پاک بھارت کشیدگی کی وجہ سے وزیراعظم آزادکشمیر یہاں محصور ہو کر رہ گئے ہیں، برطانوی پارلیمنٹ میں کشمیر کا ذکر ہونا ایک بڑی کامیابی ہے۔ ہم نے اللہ کے فضل و کرم سے اپنی طرف سے بھرپور کوشش کی ہے کہ دنیا کشمیریوں کی آواز سنے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے لندن میں ہیتھرو ائیرپورٹ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

انھوں نے کہا کہ ہندوستان کا میڈیا پروپیگنڈا کرتا ہے کہ وہاں سیکولر ازم ہے نریندر مودی الیکشن جیتنے کیلئے جارحیت کر رہا ہے اس کی پارٹی کے ممبر نے کہا کہ پاکستان پر ایک ائیرسٹرائیک اس کو 22سیٹیں دلا سکتی ہے لیکن کل افواج پاکستان نے ان کا جو حال کیا اور دو جہاز گرائے اس سے ان کی عقل ٹھکانے آ گئی ہو گی۔ مجھے افسوس ہے کہ ہندوستان کے میڈیا پر بھی جو لوگ بیٹھے ہیں وہ بھی جنگی جنون میں مبتلا ہیں، وزیراعظم پاکستان کی جانب سے پائلٹ کی رہائی کے اعلان کو ویلکم کرنے کے بجاے وہ جنگ کی باتیں کرتے ہیں، انہیں اندازہ ہو گیا ہو گا کہ ہم ان کا جنگی جنون کس طرح ختم کر سکتے ہیں۔ میر ا دل بہت بے چین ہے، چاہتا ہوں کہ اس وقت اپنے ملک میں موجود ہوں، وہاں کی صورتحال سے مسلسل رابطے میں ہوں، میرا حلقہ انتخاب ایل او سی پر واقع ہے، وزراء کرام اور چیف سیکرٹری سے مکمل رابطے میں ہوں۔ وزراء مسلسل لائن آف کنٹرول کے دورے کر رہے ہیں اور متاثرین کی سہولیات کا جائزہ لے رہے ہیں۔ پاکستان اور بھارت کی حالیہ کشیدگی کی وجہ سے ملک بھر میں فلائیٹ آپریشن معطل ہونے کے باعث آزادکشمیر کے وزیراعظم راجہ محمد فاروق خان وطن واپس نہ پہنچ سکے۔ وزیراعظم آزادکشمیر لندن میں ہیں وزیراعظم گزشتہ روز تیسری مرتبہ ہیتھرو ائیرپورٹ پر وطن واپس جانے کیلئے آئے اور دستیاب فلائیٹ نہ ہونے کی وجہ سے پاکستان نہ آ سکے۔ وزیراعظم نے کہا کہ ہندوستان کو اپنا جھوٹا پروپیگنڈا چھوڑنا ہو گا۔

وزیراعظم آزادکشمیر نے کہا کہ کشمیریوں کا مسئلہ انٹرنیشنلائز ہو چکا ہے اور وہ اپنے مقصد میں ضرور کامیاب ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے یہاں ڈائس پورہ کے ساتھ مقبوضہ کشمیر کی صورتحال شیئر کی ہے اور یہاں ہماری جماعت بھی کشمیریوں کی آواز زبردست طریقے سے بلند کر رہی ہے۔ وزیراعظم نے مطالبہ کیا کہ اقوام متحدہ کی رپورٹ کے مطابق فیکٹ فائنڈ مشن مقبوضہ کشمیر بھیجا جائے۔ انہوں نے کہا کہ آزادکشمیر کے عوام کے حوصلے بلند ہیں اور ڈٹے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان اگر باز نہ آیا تو کشمیری عوام پاک افواج کے ساتھ ملکر ہندوستان کا غرور خاک میں ملائیں گے۔
خبر کا کوڈ : 780869
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش