0
Saturday 2 Mar 2019 18:24

بھارتی جیل میں شہید کئے گئے شاکر اللہ کی میت پاکستان کے حوالے

بھارتی جیل میں شہید کئے گئے شاکر اللہ کی میت پاکستان کے حوالے
اسلام ٹائمز۔ پاکستان کی طرف سے بھارتی پائلٹ کی رہائی کے جواب میں بھارت نے اپنی جے پور جیل میں ہندو انتہاء پسندوں کے تشدد سے شہید ہونیوالے پاکستانی شہری شاکراللہ کی میت پاکستان کے حوالے کردی۔ جے پور راجستھان کی جیل میں قید شاکراللہ کو 20 فروری کو انتہاءپسند قیدیوں نے پتھروں سے حملہ کرکے شہید کر دیا تھا۔ شاکراللہ کی میت راجستھان کے ایک اسپتال کے سرد خانے میں رکھی گئی تھی جبکہ میت واپس لانے کے لئے نئی دہلی میں پاکستانی سفارتخانے نے اہم کردار ادا کیا۔ بھارتی حکام کی جانب سے شاکراللہ کی میت کو واہگہ بارڈر پر پاکستانی حکام کے حوالے کیا گیا۔ اس موقع پر میت لینے کے لئے مقتول کی فیملی بھی واہگہ بارڈر پر موجود تھی۔ اس موقع پر بھارت نے بےحسی کی انتہا کردی۔ شاکراللہ کی میت کی بےحرمتی کی گئی اور جسد خاکی کو جے پور سے ایمبولینس کی بجائے مال بردار ٹرک کے ذریعے اٹاری بارڈر پہنچایا گیا۔

دیگر تجارتی سامان کے ساتھ شاکراللہ کی میت کا تابوت لایا گیا۔ حالانکہ دنیا بھر میں میتیوں کو ایمبولینس کے ذریعے منتقل کیا جاتا ہے۔ شاکراللہ کے بھائی شہزاد کا کہنا تھا کہ ہم نے کل بھارت کو جیتا جاگتا بندہ دیا، لیکن بھارت آج ہمیں لاش دے رہا ہے۔ شاکراللہ کا ذہنی توازن درست نہیں تھا، وہ بارڈر کے قریب میلہ دیکھنے گیا اور غلطی سے سرحد عبور کر گیا تھا، ہمیں 16 سال بعد معلوم ہوا کہ شاکر اللہ بھارتی جیل میں تھا جسے شہید کر دیا گیا ہے، اس کی میت واہگہ سے سیالکوٹ پہنچائی جائیگی جہاں اس کی تدفین کی جائے گی۔ پچاس سالہ شاکراللہ کا تعلق پنجاب کے شہر سیالکوٹ سے تھا تاہم اس کا خاندان 30 سال قبل کراچی منتقل ہوگیا تھا۔ شاکراللہ کی جیل میں شہادت کے بعد بھارت کی مختلف جیلوں میں قید پاکستانی قیدیوں کی سکیورٹی بڑھائی جا چکی ہے اور انہیں عام قیدیوں سے الگ بیرکوں میں رکھا گیا ہے۔ جودھ پور، جے پور اور راجستھان کی مختلف جیلوں میں قید پاکستانی قیدیوں کی سکیورٹی میں زیادہ اضافہ کیا گیا ہے۔
خبر کا کوڈ : 780983
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش