0
Tuesday 12 Mar 2019 14:54

ملتان، نشتر میڈیکل یونیورسٹی کے پرو وائس چانسلر پر قاتلانہ حملے کیخلاف ڈاکٹروں کا احتجاجی مظاہرہ

ملتان، نشتر میڈیکل یونیورسٹی کے پرو وائس چانسلر پر قاتلانہ حملے کیخلاف ڈاکٹروں کا احتجاجی مظاہرہ
اسلام ٹائمز۔ پرو وائس چانسلر نشتر میڈیکل یونیورسٹی ملتان پروفیسر ڈاکٹر احمد اعجاز مسعود پر مبینہ قاتلانہ حملہ کے خلاف پی ایم اے ملتان کے زیر اہتمام ایک احتجاجی مظاہرہ کیا گیا، جس سے خطاب کرتے ہوئے صدر پی ایم اے ملتان پروفیسر ڈاکٹر مسعود الروف ہراج نے کہا کہ کتنے افسوس کی بات ہے کہ ایمرجنسی اور ان ڈور وارڈوں میں ینگ ڈاکٹرز پر شرپسندوں کے پرتشدد واقعات کے ساتھ ساتھ اب سینیئر ڈاکٹروں پر دن دیہاڑے قاتلانہ حملہ ہونا شروع ہوگئے ہیں، ڈاکٹروں میں خوف پھیل گیا ہے، یہ صورتحال برقرار رہی تو پاکستان کے تمام شہروں اور مضافات میں کام کرنے والے تمام ڈاکٹر کام بند کر دیں گے اور اس کا سراسر نقصان غریب عوام کو ہوگا۔ انہوں نے حکومت پنجاب سے مطالبہ کیا کہ نامزد ملزم پر دہشت گردی کرنے، پھیلانے اور اقدام قتل کی دفعات لگا کر اسے کیفر کردار تک پہنچایا جائے، تاکہ آنے والے دنوں میں کسی اور کو ایسا کرنے کی ہمت نہ ہو۔ انہوں نے حکومت پنجاب سے مطالبہ کیا کہ تمام ڈاکٹروں کی سکیورٹی کا قانون اسمبلی سے منظور کرایا جائے، تاکہ قانون شکنی کے مرتکب افراد کا قلع قمع ممکن ہو سکے۔

پروفیسر ڈاکٹر مہناز خاکوانی نے اپنے خطاب میں کہا کہ پروفیسر ڈاکٹر احمد اعجاز مسعود پر مبینہ قاتلانہ حملہ سے معاشرے کی زبوں ہالی ظاہر ہوتی ہے، کوئی ڈاکٹر نہیں چاہتا کہ اس کے مریض کی صحت کو نقصان پہنچایا جائے اور اس کی بہتر صحت کے لیے وہ تمام تر کوششیں جاری رکھتا ہے، زندگی اور موت خدا کے ہاتھوں میں ہوتی ہے، کسی سیریس مریض کی موت ہو جانے پر مسیحائی کے پیشے سے منسلک افراد کے ساتھ یہ سلوک ناقابل برداشت ہے۔ ڈاکٹر زبیر صدیقی نے کہا کہ ڈاکٹروں کی سکیورٹی کا قانون اسمبلی سے منظور کرایا جائے اور اس مقصد کے لئے تمام ڈاکٹر ایک چھتری تلے جمع ہیں۔ ڈاکٹر خضر حیات نے کہا کہ پنجاب کے سیینئر ترین استاد پروفیسر ڈاکٹر احمد اعجاز مسعود پر قاتلانہ حملہ اس نظام کے منہ پر طمانچہ ہے، اب وقت آگیا ہے، جب ہمیں اپنے بہتر مستقبل کے لیے اکٹھے ہو کر منظم جدوجہد کرنا ہوگی، تاکہ معاشرے کی زبوں ہالی کے مرتکب افراد کو اور ڈاکٹروں پر ہاتھ اٹھانے والے مٹھی بھر لوگوں کا محاسبہ کیا جا سکے۔
خبر کا کوڈ : 782855
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش