0
Tuesday 12 Mar 2019 20:36

ایک کروڑ 19 لاکھ خواتین کا انتخابی فہرستوں سے باہر ہونیکا انکشاف

ایک کروڑ 19 لاکھ خواتین کا انتخابی فہرستوں سے باہر ہونیکا انکشاف
اسلام ٹائمز۔ پاکستان کی ایک کروڑ 19 لاکھ خواتین کا انتخابی فہرستوں سے باہر ہونے کا انکشاف ہوا ہے، اطلاعات کے مطابق اتنی بڑی تعداد میں خواتین نے اپنے شناختی کارڈز ہی نہیں بنوائے، جس کی وجہ سے ان خواتین کو انتخابی فہرستوں میں شامل نہیں کیا جا سکا۔ 2018ء کے عام انتخابات سے قبل انتخابی فہرستوں سے باہر خواتین کی تعداد ایک کروڑ 17 لاکھ تھی، جس میں گزشتہ چند ماہ کے دوران مزید 2 لاکھ کا اضافہ ہو گیا ہے۔ الیکشن کمیشن نے تجویز دی ہے کہ خواتین کی رجسٹریشن کو یقینی بنانے کیلئے نادرا کو اپنی پالیسی کو بہتر بنانا ہوگا، خواتین کو شناختی دستاویزات بنانے کی ترغیب دینے کے ساتھ ساتھ دیہی علاقوں میں موبائل رجسٹریشن وین کے عملے میں خواتین کو شامل کرنا ہوگا۔

الیکشن کمیشن کے جینڈر افیئرز شعبہ کی ڈائریکٹر جنرل نگہت صدیق کا کہنا ہے کہ دیہی علاقوں میں خواتین مرد اسٹاف کی موجودگی میں تصویر بنوانے سے اجتناب کرتی ہیں، جو خواتین کے شناختی کارڈ نہ بنوانے کی ایک بڑی وجہ ہے۔ نئی مردم شماری کے مطابق ملک میں خواتین کی مجموعی تعداد 10 کروڑ 13 لاکھ سے زائد، جبکہ مردوں کی تعداد 10 کروڑ 64 لاکھ کے لگ بھگ ہے، قانون کے تحت صرف شناختی کارڈ رکھنے والا شہری ہی ووٹ کا حق رکھتا ہے مگر 1 کروڑ 19 لاکھ خواتین نے اہلیت کے باوجود شناختی کارڈ ہی نہیں بنوائے۔ الیکشن کمیشن آف پاکستان نے خواتین کی کم رجسٹریشن والے 68 اضلاع میں مہم چلانے کا فیصلہ کیا ہے، تاکہ انتخابی فہرستوں سے باہر ایک کروڑ 19 لاکھ خواتین کو انتخابی عمل کا حصہ بنایا جا سکے۔
خبر کا کوڈ : 782922
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش