0
Saturday 16 Mar 2019 11:09

نیوزی لینڈ میں مساجد پر حملہ انسانیت سوز اور دہشتگردانہ فعل ہے، مزاحمتی قیادت

نیوزی لینڈ میں مساجد پر حملہ انسانیت سوز اور دہشتگردانہ فعل ہے، مزاحمتی قیادت
اسلام ٹائمز۔ نیوزی لینڈ میں 2 مساجد میں ہوئے دہشت گردانہ حملوں میں 49 افراد کے مارے جانے پر جموں و کشمیر لبریشن فرنٹ، تحریک حریت، انجمن شرعی شیعیان، پیروان ولایت، کاروان اسلامی، مسلم لیگ، اسلامی تنظیم آزادی، محاذ آزادی، شیعہ فیڈریشن جموں نے شدید ردعمل کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے اس انسانیت سوز سانحہ کی مذمت کی ہے۔ لبریشن فرنٹ کے قائدین شوکت احمد بخشی، شیخ عبدالرشید، محمد صدیق شاہ، پروفیسر جاوید نے واقعہ کو سفاکانہ اور بدترین حملہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس دہشت گردانہ حملے نے ایک بار پھر ثابت کردیا ہے کہ بربریت کو کسی مذہب، عقیدے یا قوم سے جوڑنا بدترین جرم ہے اور یہ عمل آج جیسے حملوں کا محرک بھی بن سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج کے اس قتل عام نے ہماری توجہ اس جانب بھی مبذول کی ہے کہ دنیا میں مذہب، ذات، زبان، قوم، کلچر، رنگ اور سخت گیر قومیت کے نام پر جبر و تشدد فروغ پارہا ہے، یہ سب کچھ اس لئے ہورہا ہے کیونکہ آج سخت گیریت خاص طور پر سخت گیرنیشنلزم کو کنارے پر موجود کچھ عناصر کی نہیں بلکہ حکومتوں اور حکمرانوں کی سرپرستی حاصل ہے۔

جموں و کشمیر تحریک حریت کے چیئرمین محمد اشرف صحرائی نے اس دہشت گردانہ حملہ کی شدید مذمت کی اور اسے انسانیت سوز حرکت قرار دے کر اس کارروائی میں ملوث دہشت گردوں کو قرار واقعی سزا دینے کی اپیل کی۔ انہوں نے اپنے بیان میں شہید کئے گئے نمازیوں کے درجات کی بلندی کے لئے دعا کی اور ان کے لواحقین کے ساتھ اپنی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا۔ انجمن شرعی شیعیان کے صدر آغا سید حسن نے نیوزی لینڈ کی مساجد میں ہوئے خود کش دہشتگردانہ حملے کی پرزور الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اس سانحہ میں جان بحق نمازیوں کو شاندار خراج عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ ایسے دلدوز سانحات صہیونی ایجنڈے اور اسلام دشمن جذبات و ذہنیت کی کڑیاں ہیں۔

شیعہ فیڈریشن جموں کے صدر عاشق حسین خان نے دو مساجد پر دہشت گردانہ حملوں کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے دہشتگردی کے تئیں عالمی طاقتوں کے رویہ کو افسوسناک قرار دیا ہے۔ عاشق حسین خان نے کہا کہ ان حملوں نے ایک بار پھر یہ ثابت کردیا ہے کہ دہشت گردی کا کوئی مذہب نہیں ہوتا اور نہ ہی دہشت گردوں کی الگ الگ تمیز کی جاسکتی ہے۔ اس دوران جموں و کشمیر کاروان اسلامی کے امیر مولانا غلام رسول حامی نے کہا کہ بے گناہ مسلمانوں کا قتل عام اسلام مخالف منفی پروپیگنڈے کی عکاسی ہے جو قومی اور بین الاقوامی ذرایع ابلاغ کے ذریعے تشہیر کی جاتی ہے۔ انہوں نے مسجد میں نہتے نمازیوں کے قتل عام کی مذمت کی۔ اس دوران پیروان ولایت کے سربراہ مولانا سبط محمد شبیر قمی نے نمازیوں پر ہوئے دہشتگرادانہ حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ نمازیوں کا خون ناحق بہانے میں سامراج کا ہاتھ ہے جو ہر محاذ پر ناکام ہونے کے بعد اس طرح کی مذموم کارروائیوں کا سہارا لے رہے ہیں۔ مولانا شبیر قمی نے کہا کہ اس طرح کے دہشتگرادانہ حملوں سے ملت اسلامیہ کو ڈرایا نہیں جاسکتا بلکہ ملت اسلامیہ سرکٹانے والی ملت ہے سرجھکانے والی نہیں۔
خبر کا کوڈ : 783583
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش