0
Saturday 16 Mar 2019 19:03

احترام مذاہب اور انسانی حقوق کے احترام کے بغیر مثالی معاشرہ نہیں بن سکتا، خرم نواز گنڈاپور

احترام مذاہب اور انسانی حقوق کے احترام کے بغیر مثالی معاشرہ نہیں بن سکتا، خرم نواز گنڈاپور
اسلام ٹائمز۔ پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور نے کہا ہے کہ کوئی بھی معاشرہ عدل و انصاف، برداشت، احترام مذاہب اور انسانی حقوق کے احترام کے بغیر مثالی معاشرہ نہیں بن سکتا، نیوزی لینڈ میں مساجد میں ہونیوالی درندگی و دہشتگردی کے اندوہناک سانحہ کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے، قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر دلی افسوس ہے، نیوزی لینڈ ایک پرامن اور انسانیت کا احترام کرنیوالا ملک ہے، اس مشکل اور افسوسناک لمحات میں نیوزی لینڈ کی حکومت، عوام اور دہشتگردی میں جاں بحق ہونیوالوں کے لواحقین سے اظہار یکجہتی کرتے ہیں اور ان کے غم میں برابر کے شریک ہیں، نوجوان باطن کی روشنی اور پرامن معاشرے کے قیام کیلئے سیرت النبی ﷺ کے مختلف پہلوؤں کو روزانہ کی بنیاد پر اپنے مطالعہ میں شامل کریں۔

انہوں نے کہا کہ نوجوان طلباء و طالبات اپنی تعلیم اور مطالعہ کو مفیداور بامقصد بنائیں، دہشتگردوں، اسلام اور انسانیت کے دشمنوں کے گمراہ کن نظریات سے خود کو اور اپنے دوستوں کو بھی بچائیں، قائد تحریک منہاج القرآن ڈاکٹر طاہرالقادری نے دہشتگردی کے خاتمے کیلئے مبسوط تاریخی فتویٰ اور فروغ امن نصاب مرتب کر کے اپنی اسلامی، ملی، بین الاقوامی ذمہ داریوں کو پورا کیا، طلباء ڈاکٹر طاہرالقادری کی فکر کے امین بن کر، امن کے سفیر بن کر محبت اور دوستی کے پیغام کو عام کریں۔ وہ مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن میں منہاج القرآن یوتھ لیگ اور مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ کے وفود سے ملاقات میں گفتگو کر رہے تھے۔ اس موقع پر صدر منہاج القرآن یوتھ لیگ مظہر محمود علوی، صدر مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ عرفان یوسف، سردار منصور قاسم، عمر اعوان، یونس نوشاہی، میاں انصر، ضیاء الرحمن و دیگر بھی موجود تھے۔

خرم نواز گنڈاپور نے کہا کہ نبی آخر الزماں ﷺ پوری انسانیت کیلئے محبت اور رحمت کا پیغام بن کر تشریف لائے، حضور اکرم ﷺ کا سچا امتی کبھی ظلم نہیں کر سکتا، دین اسلام میں تنگ نظری، انتہا پسندی، علم دشمنی اور مذہب کے نام پر دہشتگردی کرنے والوں کی کوئی گنجائش نہیں۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان علم کی روشنی سے جہالت کے اندھیروں کو شکست دیں، یہی تعلیمات محمدی ﷺ ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ حضرت عیسیٰ ؑ بھی امن کے پیامبر تھے اور ان کی تعلیمات سے بھی محبت، بھائی چارے کا سبق ملتا ہے، آج دنیا کو مقدس ہستیوں کی حقیقی تعلیمات پر عمل پیرا ہو کر امن، محبت اور بھائی چارے کی فضاء کو بحال کرنا ہو گا، دنیا کو امن کا گہوارہ بنانے میں انفرادی اور اجتماعی سطح پر مثبت اور موثر کردار ادا کرنا ہوگا۔
خبر کا کوڈ : 783677
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش