0
Sunday 12 Jun 2011 16:32

مسلم لیگ ن سے انتخابی مفاہمت اعلیٰ مقاصد اور اصولوں پر کی گئی، اب نظام کی تبدیلی ہر فرد کی آواز بن چکی ہے، عبدالرّشید ترابی

مسلم لیگ ن سے انتخابی مفاہمت اعلیٰ مقاصد اور اصولوں پر کی گئی، اب نظام کی تبدیلی ہر فرد کی آواز بن چکی ہے، عبدالرّشید ترابی
آزاد کشمیر:اسلام ٹائمز۔جماعت اسلامی آزاد جموں و کشمیر اور مسلم لیگ ن کے مشترکہ اُمیدوار برائے قانون ساز اسمبلی حلقہ وسطی باغ عبدالرّشید ترابی نے کہا ہے مسلم لیگ ن سے انتخابی مفاہمت اعلیٰ مقاصد اور اصولوں پر کی گئی،اس مفاہمت کے نتیجے میں آزاد کشمیر کے اندرنظام کی تبدیلی ہر فرد کی آواز بن چکی ہے۔ کرنل (ر) نسیم ہمارے بھائی ہیں وہ پارٹی ڈسپلن کی خلاف ورزی نہ کریں تو ان کے لیے پارٹی کے اندر جنگ لڑ سکتا ہوں، وہ پیپلز پارٹی کے آلہ کار بن کر آصف علی زرداری ایجنڈے کی تکمیل نہ کریں، کیوں کہ مسلم کانفرنس اور پیپلز پارٹی نے آزاد خطے کے زلزلہ زدگان کے 55 ارب روپے بے نظیر انکم سپورٹ  پروگرام کے نام ہڑپ کر لیے۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے انتخابی مہم کے سلسلے میں ملوٹ اور بیس بگلہ میں عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اجتماع سے پرنسپل (ر) عبدالحق، راجہ سجاد ایڈووکیٹ، راجہ افتخار،ڈاکٹر الیاس، حاجی حکیم، سردار عنایت، سردار ظفرنے بھی خطاب کیا۔
اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے عبدالرّشید ترابی نے کہا کہ جماعت اسلامی اور مسلم لیگ ن کے درمیان ہونے والی مفاہمت ذاتی مفادات یا مقاصد کے لیے نہیں بلکہ اس کے پیچھے ملک و ملت کی بہتری کے لیے اعلیٰ مقاصد اور اصول ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ماضی کی حکومتوں نے آزاد خطہ کے عوام کو ان کے حقوق سے محروم رکھا ہے اور یہاں ایک ایسے نظام کو فروغ دیا جس سے نوجوانوں کا استحصال ہوا، حق دار کو اس کا حق نہیں ملا، نتیجے میں یہ سارا خطہ پسماندگی کی طرف گیا، اب وقت آ گیا ہے کہ آزاد خطہ کے نوجوان اور عوام اپنی قسمت کو سنوارنے کے لیے اس موجودہ نظام میں تبدیلی لانے میں اپنا کردار ادا کریں اور اپنی قسمت کے فیصلے خود کریں۔ انہوں نے کہا کہ جب تک یہاں رشوت اور سفارش کا کلچر ختم نہیں ہوتا اور عدل و انصاف اور میرٹ پر مبنی ایک نظام کا قیام عمل میں نہیں آتا، یہاں کے عوام ترقی نہیں کر سکتے اور خود کو جدید تقاضو ں سے ہم آہنگ نہیں کر سکتے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات میں آزاد خطے کو ایک مخلص اور باکردار قیادت ہی مسائل سے نکال سکتی ہے۔ انہوں نے عوام سے کہا کہ وہ موجودہ نظام میں تبدیلی کے لیے مخلص اور باکردا قیادت کا ہی ساتھ دیں۔ آزاد کشمیر میں مثبت و تعمیری سوچ رکھنے والی قیادت کا اکٹھا ہونا، تحریک ِ آزادیٔ کشمیر اور پاکستان کی بقاء اور استحکام کا ذریعہ بنے گا۔
انہوں نے کہا کہ کرنل (ر) نسیم ہمارے بھائی ہیں، وہ مسلم لیگ(ن) کے ساتھ ہونے والی انتخابی مفاہمت کے نتائج کو اپنی ذات تک محدود نہ کریں بلکہ اس مفاہمت کے نتجے میں ملک و ملت کی بہتری کے لیے سامنے آنے والے نتائج کو مدنظر رکھیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر کرنل (ر) نسیم پارٹی ڈسپلن کی خلاف ورزی نہ کریں تو ان کی پارٹی میں ان کے لیے جنگ لڑ سکتا ہوں۔ وہ ذاتی مقاصد کے لیے پیپلز پارٹی کا آلہ کار نہ بن کر آصف علی زرداری کے ایجنڈے کی تکمیل کا باعث نہ بنیں، جنھوں نے آزاد خطے کے زلزلہ زدگان کے 55 ارب روپے  بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام  کے نام پر ہڑپ کر لیے، جبکہ زلزلہ زدگان اسی طرح مٹی کے ڈھیر پر پڑے ہوئے ہیں، سڑکیں کھنڈرات کا منظر پیش کر رہی ہیں اور بچے شدید دھوپ میں آسمان تلے تعلیم حاصل کر رہے ہیں، جبکہ پیپلز پارٹی زلزلہ زدگان کے انہی پیسوں سے انتخابی مہم چلا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم مثبت اور تعمیر ی سیاست کے قائل ہیں، ہمارا عزم قوم کو ایسے لٹیروں سے نجات دلانا اور آزاد خطے کو تحریک آزادی کشمیر کا حقیقی بیس کیمپ اور فلاحی ریاست بنانا ہے جس میں سب کو یکساں حقوق میسر ہوں۔ یہاں برادری ازم کی سیاست نے سوائے نفرتوںکے کچھ نہیں دیا، قوم یکجا ہو کر آزاد خطے میں تبدیلی کی جدوجہد میں ہمارا ساتھ دیں،تبدیلی آئے گی تو قوم کے مسائل خود بخود حل ہو جائیں گے۔
خبر کا کوڈ : 78383
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش