0
Sunday 12 Jun 2011 09:40

افغانستان کے ہر پہاڑ کی چوٹی پر امریکی شکست لکھی جا چکی ہے، سید منور حسن

افغانستان کے ہر پہاڑ کی چوٹی پر امریکی شکست لکھی جا چکی ہے، سید منور حسن
کراچی:اسلام ٹائمز۔ امیر جماعت اسلامی پاکستان سید منور حسن نے کہا ہے کہ گو امریکا گو تحریک وقت کے طاغوت کے سامنے سینہ سپر ہونے کا اعلان ہے، افغانستان میں ہر پہاڑ کی چوٹی پر امریکی شکست لکھی جا چکی ہے، جو شکست نیٹو کو ہو چکی ہے ایسی تو روس اور برطانیہ کو بھی نہیں ہوئی۔ مغرب کے ایجنٹ میڈیا نے ڈالروں کی چمک دمک میں حقائق اور حقیقت کو چھپایا ہوا ہے۔ مگر یہ زیادہ دن تک نہیں چھپا سکیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جامعۃ الاخوان و الاخوات نئی کراچی کی تقریب ختم بخاری سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب سے جمعیت اتحاد العلماء کے مولانا عبدلرؤف، معروف اسکالر مولانا عطا اللہ، قاری ضمیر اختر منصوری، مدیر جامعۃ الاخوان مولانا عبدالوحید نے بھی خطاب کیا۔ اس موقع پر مولانا ہدایت اللہ منتظم اعلٰی جمعیت طلبہ عربیہ پاکستان، نسیم صدیقی، سیکریٹری جنرل جماعت اسلامی کراچی، خالد صدیقی، امیر جماعت اسلامی زون نیو کراچی و دیگر مہمانان نے فاضل طلبہ کی دستار بندی کی اور شیلڈ و انعامات تقسیم کئے۔
سید منور حسن نے کہا کہ مسلمانوں کی تاریخ بدر کے میدان میں کسمپرسی سے شروع ہوتی ہے، تاریخ میں ایک بھی غزوہ ایسا نہیں جس میں مسلمانوں نے اپنے ساز و سامان یا مادی ترقی کی بنیاد پر فتح حاصل کی ہو۔ یہ ایمان اور عقیدے کی طاقت ہی ہے جو 7 لاکھ بھارتی فوج کے آگے ایک کمزور سے شخص کو کھڑا کر دیتی ہے جو حق بات کا اعلان کر رہا ہے اور ڈٹ کر کھڑا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج ایمان اور تقویٰ کی بنیاد پر 10 سال گزرنے کے بعد دنیا کی 60 فیصد فوج جدید ترین اسلحے اور ٹیکنالوجی کے ساتھ افغانستان میں موجود ہے اور اب تک چند بکھرے ہوئے اور ساز و سامان اور ٹیکنالوجی سے عاری لوگوں کے مقابلے میں ناکام ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ جماعت اسلامی کے یہ دھرنے سیاسی سرگرمی نہیں بلکہ امریکا کے حامیان اور مخالفین میں تقسیم کا واضح اعلان ہے اور یہ تقسیم پوری دنیا میں پھیلتی جا رہی ہے، قرآن مجید کا علم حاصل کرنے والوں کی ذمہ داری ہے کہ اب علمی میدان میں یہ مرحلہ طے کرنے کے بعد قرآن عظیم الشان کے مشن کو عملی میدان میں لے کر نکلیں جو کہ قرآن کا حق بھی ہے۔
خبر کا کوڈ : 78280
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش