0
Monday 18 Mar 2019 19:06

اسلام کے نظام سیاست سے مراد نظام عدل کا قیام ہے، حسن محی الدین

اسلام کے نظام سیاست سے مراد نظام عدل کا قیام ہے، حسن محی الدین
اسلام ٹائمز۔ منہاج القرآن کی سپریم کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے منہاج القرآن لاہور کے زیر اہتمام منعقدہ قرآن کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اسلام کے نظام سیاست سے مراد نظام عدل کا قیام ہے، قرآن نے ظالم کا ہاتھ پکڑنے اور مظلوموں کا ساتھ دینے کا حکم دیا ہے، کفر کی حکومت تو قائم رہ سکتی ہے مگر ظلم کی نہیں، ماڈل ٹاؤن میں ظلم ہوا اور جنہوں نے گواہیاں چھپائیں، مظلوموں کی بجائے ظالموں کا ساتھ دیا قیامت کے دن وہ کٹہرے میں کھڑے ہونگے۔ قرآن والدین سے خیر اور بھلائی کی تاکید کرتا ہے مگر جب انصاف کیلئے گواہی کی بات آئے تو حکم دیا گیا ہے کہ ایسے مرحلہ پر اس بات کی بھی پرواہ نہ کی جائے کہ گواہی کس کیخلاف ہے۔ اللہ انصاف کرنیوالوں سے محبت کرتا ہے۔

قرآن کانفرنس سے خرم نواز گنڈا پور، رفیق نجم، حافظ غلام فرید، اشتیاق حنیف مغل اور ثناء اللہ خان نے بھی خطاب کیا۔ مقررین نے قرآنی انسائیکلو پیڈیا کی تالیف پر ڈاکٹر طاہر القادری کو خراج تحسین پیش کیا۔ دریں اثناء صدر منہاج القرآن ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے راولپنڈی میں عظیم الشان کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قرآن کامیابی کا راستہ ہے اور منہاج القرآن کا مشن امت مسلمہ کو قرآن کے بھولے ہوئے اسباق یاد کروانا ہے۔ قرآن علم اور کردار سکھاتا ہے۔ قرآن مجید پر غور و فکر اور تدبر کی وجہ سے مسلمان 12سو سال تک آسمان علم و حکمت کے درخشندہ ستارے تھے۔ قرآن ایجادات کا راستہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ اللہ نے ہر دور میں قرآن کو سمجھنے اور اس سے علم و ہدایت کے چشمے نکالنے کیلئے صاحبان نظر پیدا کئے۔ آج کے دور میں یہ سعادت ڈاکٹر طاہر القادری کو ملی۔ قرآنی انسائیکلوپیڈیا اس کی ایک معتبر مثال ہے۔
خبر کا کوڈ : 784001
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش