0
Saturday 23 Mar 2019 11:35

پشاور، بی آر ٹی افتتاح کی تاریخ پانچویں بار تبدیل

پشاور، بی آر ٹی افتتاح کی تاریخ پانچویں بار تبدیل
اسلام ٹائمز۔ ہنوز دلی دور است، والا تاریخی جملہ ایسا لگتا ہے کہ موجودہ دور کے پشاور ریپڈ بس منصوبے کیلئے کہا گیا تھا۔ 2017ء میں شروع ہونے والا منصوبہ 2019ء میں بھی پایہ تکمیل کو نہیں پہنچ سکا جس کی وجہ سے افتتاح کی پانچویں تاریخ بھی حسب روایت ملتوی کرنا پڑ گئی۔ ذرائع نے بتایا ہے کہ وزیراعلٰی خیبر پختونخوا محمود خان نے نامکمل منصوبے کا افتتاح کرنے سے انکار کردیا ہے جس کے بعد اب یوم پاکستان کے موقع پر پشاور ریپڈ بس منصوبہ صرف ٹیسٹنگ تک محدود رہے گا۔ 49 ارب روپے کی مالیت سے شروع ہونے والا پشاور ریپڈ بس منصوبہ تاخیر کے باعث 66 ارب کی مالیت کا ہوچکا ہے جبکہ ذمہ دار ذرائع کا کہنا ہے کہ غالب امکان یہی ہے کہ منصوبے کی لاگت 100 ارب روپے تک پہنچ جائے گی۔ ذرائع کے مطابق اعلان کردہ شیڈول سے ڈیڑھ سال تاخیر کا شکار پشاور ریپڈ بس منصوبہ پاکستان تحریک انصاف کیلئے عملاً مشکلات کا سبب بن چکا ہے۔ پورے صوبے کے عوام کی توجہ 23 مارچ کے تاریخی دن پر اس لحاظ سے بھی مرکوز تھیں کہ پشاور بس ریپڈ منصوبے کا افتتاح ہونا تھا لیکن اب صرف بسوں اور کوریڈورز کا ٹیسٹ کیا جائے گا تو پی ٹی آئی کی حکومتی و سیاسی ساکھ کو یقیناً دھچکہ پہنچے گا۔

ذرائع کے مطابق افتتاح کا پروگرام اس لئے ملتوی کیا گیا کہ تعمیراتی کام مکمل نہیں ہے اور ساتھ ہی آئی ٹی، بجلی، نیٹ ورکنگ اور اسٹیشنز سے متعلق ضروری امور بھی ابھی پایہ تکمیل کو پہنچنے باقی ہیں۔ ذرائع سے پتہ چلا ہے کہ وزیراعلٰی کے پی محمود خان کے جب علم میں یہ آیا کہ پشاور ریپڈ بس منصوبہ ابھی پایہ تکمیل کو نہیں پہنچا ہے تو انہوں نے ادھورے منصوبے کا افتتاح کرنے سے انکار کردیا۔ صوبائی حکومت کے ذمہ دار ذرائع کے مطابق 23 مارچ 2019ء کو اب صرف پشاور ریپڈ بس منصوبے کے کوریڈور اور بسوں کو ٹیسٹ کیا جائے گا اور کوئی افتتاح نہیں ہوگا۔ وزیراعلٰی خیبر پختونخوا محمود خان نے پانچویں مرتبہ دی گئی افتتاح کی ڈیڈ لائن کو تبدیل کرنے کے ذمہ داران کے خلاف کارروائی کرنے کا بھی اعلان کیا ہے۔ پشاور ریپڈ بس منصوبے کے افتتاح کی پانچویں مرتبہ ڈیڈ لائن تبدیل کی گئی ہے جبکہ آنے والی لاگت میں بھی بے پناہ اضافہ ہوگیا ہے۔
خبر کا کوڈ : 784739
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش