0
Sunday 31 Mar 2019 21:31

موجودہ حکومت پرویز مشرف کی بی ٹیم ہے، تمام کام پرویز مشرف کے منشور کے مطابق کئے جارہے ہیں، نثار کھوڑو

موجودہ حکومت پرویز مشرف کی بی ٹیم ہے، تمام کام پرویز مشرف کے منشور کے مطابق کئے جارہے ہیں، نثار کھوڑو
اسلام ٹائمز۔ پیپلز پارٹی سندھ کے صدر نثار احمد کھوڑو نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت بھی پرویز مشرف کی بی ٹیم ہے، تمام کام پرویز مشرف کے منشور کے مطابق کئے جارہے ہیں، وزیراعظم اتنے خوفزدہ ہیں کہ انہیں ہر تقریر میں بلاول بھٹو زرداری کا ٹرین مارچ یاد آجاتا ہے، مہنگائی میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے، عمران خان سابق صدر پرویز مشرف کے منشور پر عمل کرکے ملک کو ون یونٹ بنانا چاہتے ہیں۔ وہ پیپلز پارٹی حیدرآباد کے ڈویژنل صدر علی نواز شاہ رضوی کی رہائش گاہ پر میڈیا سے گفتگو کررہے تھے۔ اس موقع پر میزبان کے علاوہ آفتاب خانزدہ اور دیگر بھی موجود تھے۔ نثار احمد کھوڑو نے کہا کہ حکومت بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کا نام بھی تبدیل کرنا چاہتی ہے اگر ایسا کیا گیا شدید احتجاج کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اپنا نیا کوئی کام نہیں کرسکی، عوام سے جھوٹے وعدے کئے گئے ہیں، کراچی میں جس بن قاسم پارک کا وزیراعظم نے افتتاح کیا وہ بھی پیپلز پارٹی کی حکومت نے بنایا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری نے ایک کامیاب ٹرین مارچ کیا ہے، سندھ کے ہر ضلع میں پذیرائی ملی ہے، اب وزیراعظم اتنے خوفزدہ ہیں کہ ہر تقریر میں انہیں بلاول بھٹو زرداری کا ٹرین مارچ یاد آرہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان نسل سے بھی وزیراعظم نے جھوٹے وعدے کئے، کہاں گئی وہ کروڑوں نوکریاں جو بھی دینا چاہتے تھے اور کہاں گئی تبدیلی، ملک میں مہنگائی میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان نے پہلے کراچی میں بڑی بڑی باتیں کیں پھر گھوٹکی میں جاکر ایک ناکام جلسے سے خطاب کرتے ہوئے انہیں یاد آیا کہ ملک کا خزانہ خالی ہے، موجودہ حکومت ناکام ہوچکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ 4 اپریل کو گڑھی خدا بخش میں سابق وزیراعظم شہید ذوالفقار علی بھٹو کی برسی عقیدت و احترام سے منائی جائے گی، اس حوالے سے ملک بھر سے قافلے پہنچیں گے اور ایک جلسہ عام بھی منعقد ہوگا۔
خبر کا کوڈ : 786194
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش