اسلام ٹائمز۔ وزیراعظم عمران خان رواں ماہ اپریل میں ایران کا پہلا دورہ کریں گے، سفارتی ذرائع کے مطابق دورے کی تاریخ کا تعین کرنے پر کام ہو رہا ہے، ممکنہ طور پر دورہ رواں ماہ ہی میں ہوگا۔ وزیراعظم ایران کا دورہ پہلے ہی کر لیتے، مگر سرحد پر ہونے والے ناخوشگوار واقعات کے نتیجے میں جنم لینے والے تناؤ اور فروری میں ایرانی پاسداران انقلاب پر ہونے والے حملے کی وجہ سے دونوں ممالک کے حکام پاکستانی وزیراعظم کے دورۂ ایران کو حتمی شکل نہیں دے پائے تھے۔ واضح رہے کہ حالیہ عرصے کے دوران دونوں ممالک کے درمیان تناؤ میں نمایاں کمی آچکی ہے، جس کے بعد وزیراعظم کے دورۂ ایران کو حتمی شکل دینے کی تیاریاں کی جا رہی ہیں۔ مبصرین کا کہنا ہے کہ اس دورے کا مقصد سعودی عرب اور ایران سے تعلقات میں توازن برقرار رکھنا ہے۔