0
Thursday 18 Apr 2019 20:18

اپوزیشن ایمنسٹی اسکیم کیخلاف سینیٹ میں قرارداد لائیگی، خورشید شاہ

اپوزیشن ایمنسٹی اسکیم کیخلاف سینیٹ میں قرارداد لائیگی، خورشید شاہ
اسلام ٹائمز۔ پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما اور سابق قائد حزب اختلاف سید خورشید احمد شاہ نے کہا ہے کہ اپوزیشن ایمنسٹی اسکیم کے خلاف سینیٹ میں قرارداد لائے گی، حکمراں جماعت ماضی میں ایمنسٹی اسکیم کو گالیاں دیتی رہی ہے، اب آپ نے پھر بڑا یوٹرن لیکر ایمنسٹی اسکیم کو قبول کرلیا، مکران میں 14 مسافروں کے قتل عام کا واقعہ افسوسناک ہے، اپوزیشن کبھی نہیں چاہتی کہ ملک میں ایسے حالات ہوں، اداروں کو حکومت اپنے لئے نہیں، ریاست کیلئے استعمال کرے، اداروں کو عوام کی فلاح و بہبود کیلئے استعمال کریں۔ اندرون سندھ کے شہر سکھر میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے خورشید شاہ نے کہا کہ جو بات ہو عوام کے سامنے رکھی جائے، آئی ایم ایف سے ہر حکومت قرضہ لے چکی ہیں، ان حالات میں حکومت آئی ایم ایف کے پاس گئی، ہم نے کہا تھا آئی ایم ایف میں جا رہے ہیں، تو بتا دیں۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کہتے تھے آئی ایم ایف کے پاس گئے تو خودکشی کرلوں گا، حکومت آئی ایم ایف سے معاہدوں کو چھپا رہی ہے، آئی ایم ایف کی شرائط ہر حکومت مانتی آئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت صحیح کہہ رہی ہے کہ عوام کی چیخیں نکلیں گی، گیس، بجلی، پٹرول کی قیمتوں کو بڑھایا گیا، آئی ایم ایف قیمتوں میں مزید اضافہ چاہتی ہے، کہتے تھے قرضے نہیں لیں گے، مہنگائی کو نیچے لے آئیں گے۔

خورشیدشاہ نے کہا حکومت نے ایک دھیلے کا بھی ریلیف عوام کو نہیں دیا، باتیں بناتے ہیں کہتے ہیں کہ ہمیں ملک لوٹا پھوٹا ملا، حکومت کو جی ڈی پی کا گروتھ 5.8 فیصد ملا تھا، اب 2.4 پر آگیا ہے، حکومتی وزیر ڈالر کی قیمتوں میں اضافے پر چیختے تھے، اب ڈالرکی قیمتوں پر وہی وزیر خاموش ہیں، ڈالر کی قدر میں اضافہ ہوگیا، روزگار نہیں۔ انہوں نے کہا کہ بزنس کمیونٹی سرمایہ کاری کرنے کو تیار نہیں، دوسرے ممالک میں کرپشن کرپشن چیخو گے، تو کون سرمایہ کاری کرے گا۔ رہنما پیپلز پارٹی نے کہا کہ پی ٹی آئی والے کہتے ہیں 2 کی بجائے ایک روٹی کھاﺅ، سندھ، پنجاب اور بلوچستان میں ڈویلپمنٹ رک گئی، پہلے صوبے خوش تھے، اچانک این ایف سی پر مسئلے ہونے لگے۔ خورشیدشاہ نے کہا کہ آئین ختم کیے بغیر ملک میں صدارتی نظام نہیں آ سکتا، وزیراعظم پارلیمنٹ کی بجائے کنٹینر پر چڑھا ہو، تو آپ کیسے کہہ سکتے ہیں کہ ملک ٹھیک ہوگا، حکومت سے بار بار کہہ چکے ہیں اداروں کو اپنے لیے نہیں بلکہ ریاست کیلئے استعمال کرے۔
خبر کا کوڈ : 789374
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش