0
Thursday 2 May 2019 19:03

پی ٹی ایم کے چند لوگ غیروں کے ہاتھوں میں کھیل رہے ہیں، جنرل قمر جاوید باجوہ

پی ٹی ایم کے چند لوگ غیروں کے ہاتھوں میں کھیل رہے ہیں، جنرل قمر جاوید باجوہ
اسلام ٹائمز۔ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باوجوہ نے کہا ہے کہ پی ٹی ایم کے چند لوگ غیروں کے ہاتھوں میں کھیل رہے ہیں، پاکستانی قوم اور افواج نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں عظیم کامیابی حاصل کی۔ یہ بات انہوں نے پشاور کے دورے کے دوران کہی جبکہ اس موقع پر آرمی چیف نے مختلف جامعات کے طلبہ و طالبات سے بات چیت بھی کی۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق جنرل قمر جاوید باوجوہ نے کہا کہ پی ٹی ایم بذات خود کوئی ایشو نہیں ہے، بیرونی مدد لینے والے لوگ عوام کے جذبات سے کھیل رہے ہیں، جو ایشوز اُجاگر کئے گئے وہ آپریشن کے بعد ماحول میں صحیح اور فطری ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ لوگ دہشت گردی کا شکار ہونے والوں کے جذبات سے دانستہ کھیل رہے ہیں، دہشت گردی سے متاثرہ افراد کو اسوقت دیکھ بھال کی ضرورت ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی نوجوان نسل ہونہار اور انتہائی باصلاحیت ہے۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان نسل پاکستان کا مستقبل ہے، ملک کا مستقبل نوجوانوں سے ہی وابستہ ہے۔ آرمی چیف نے کہا کہ خیبر پختونخوا کو دہشت گردی کے خلاف آپریشن کے بعد کے مسائل کا سامنا ہے، ہم دشمن طاقتوں کے تمام منصوبوں کو ناکام بنا دیں گے۔

جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ حکومت اور سکیورٹی فورسز بلا تفریق قبائلیوں کے حقیقی مسائل کو حل کرنے کی کوششیں کر رہے ہیں، ہماری اولین ترجیح سماجی و اقتصادی ترقی کیلئے دیرپا امن کا قیام ہے۔ اس موقع پر طلباء نے مسلح افواج کی مکمل حمایت کا یقین دلایا اور کہا کہ وہ پاکستان کے روشن مستقبل میں اپنا کردار ادا کریں گے۔ سات روز قبل آرمی چیف نے کشمیر رجمنٹل سینٹر کا دورہ کیا تھا، جس کے دوران انہوں نے لیفٹیننٹ جنرل شیر افگن کو کرنل کمانڈنٹ کے بیجز لگائے تھے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق کور کمانڈر راولپنڈی جنرل بلال اکبر اور ریٹائرڈ لیفٹیننٹ جنرل ہدایت الرحمٰن بھی اس موقع پر موجود تھے۔ تقریب میں بڑی تعداد میں حاضر سروس اور ریٹائرڈ افسروں اور جوانوں نے شرکت کی تھی جبکہ آرمی چیف نے یادگار شہداء پر پھولوں کی چادر چڑھائی۔ اس موقع پر آرمی چیف کا کہنا تھا کہ آزاد کشمیر رجمنٹ کی مادر وطن کے دفاع میں قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرتا ہوں۔ انہوں نے کہا تھا کہ آزاد کشمیر رجمنٹ نے روایتی اور دہشتگردی کے خلاف جنگوں میں وطن کا بھرپور دفاع کیا۔
خبر کا کوڈ : 791834
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش