0
Friday 3 May 2019 18:51

کشمیری باشعور قوم اور کشمیر جنت بے نظیر ہے، کشمیری پنڈت

کشمیری باشعور قوم اور کشمیر جنت بے نظیر ہے، کشمیری پنڈت
اسلام ٹائمز۔ 29 سال بعد کشمیر واپس لوٹے 72 سال کے روشن لعل ماوا نے آبائی علاقے زینہ کدل میں نجی دکان کھولتے ہوئے اس بات کا برملا اظہار کیا کہ اتنا عرصہ بیرون ریاست گزارنے کے بعد بھی کشمیری کلچر میں کوئی بدلاؤ نظر نہیں آیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری باشعور قوم ہے اور یہاں آکر جو پیار مجھے ملا اُس کو الفاظ میں بیان نہیں کیا جاسکتا ہے۔ روشن لعل کا کہنا تھا کہ میں نے قریباً 30 سال نئی دہلی میں گزارے تاہم اس عرصے کے دوران ہمیشہ سے میرے دل کے اندر کشمیر کی یاد ستاتی رہی۔ روشن لعل کا کہنا تھا کہ میرے والد اصل میں گاڈہہ کوچہ زینہ کدل سے تعلق رکھتے تھے اور یہاں ہماری دکان ہوا کرتی تھی۔ کشمیر میں جونہی 1990ء کی دہائی میں حالات نے کروٹ لی تو اسی دوران 13 اکتوبر 1990ء کو ایک نامعلوم نوجوان نے میرے پیٹ میں 4 گولیاں داغیں، جس کے نتیجے میں میں شدید زخمی ہوا اور مجھے ہسپتال منتقل کیا گیا۔

روشن لعل نے بتایا کہ اس کے بعد میرے اہل و عیال نے کشمیر چھوڑنے کا فیصلہ کیا اور ہم نئی دہلی چلے گئے جہاں میں نے اپنا کاروبار شروع کیا۔ انہوں نے بتایا کہ نئی دہلی میں میں نے اپنا گھر خریدا لیکن اتنی سہولیات مہیا ہونے کے باوجود ہمیشہ کشمیر کی یاد لہریں مارتی تھی جس کے نتیجے میں میرے دل کا سکون غارت ہوچکا تھا۔ انہوں نے بتایا کہ اس عرصے کے دوران ہمیشہ کشمیری بھائیوں کی یاد ستاتی رہی اور بالآخر میں نے اپنے بیٹھے کے ساتھ صلاح و مشورہ کرتے ہوئے کشمیر لوٹنے کا فیصلہ کیا کیوںکہ میری خواہش ہے کہ میرا آخری وقت کشمیر میں ہی اپنے مسلم بھائیوں کے ساتھ گزرے۔

روشن لعل نے بتایا کہ یہاں پہنچنے پر جو پیار اور استقبال مجھے کشمیری بھائیوں سے ملا وہ ناقابل بیان ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہاں پہنچنے پر میری اور میرے بیٹے کی دستار بندی کی گئی، مٹھائیاں تقسیم کی گئیں اور میرے کشمیری بھائی مجھ سے اور میرے اہل و عیال سے ملنے کے لئے جو ق درجوق آئے۔ روشن لعل کے مطابق کشمیریت ایک الگ چیز ہے، میں حالانکہ ہندوستان کے ہر ایک شہر میں گھوما ہوں لیکن جو پیار اور محبت یہاں آکر ملا وہ کہیں نہیں مل سکتا۔ کشمیر چھوڑ چکے پنڈتوں کو وطن واپس لوٹنے کی اپیل کرتے ہوئے روشن لعل کا کہنا تھا کہ انہیں بغیر کسی خوف و ڈر کے کشمیر لوٹنا چاہیئے۔
خبر کا کوڈ : 791903
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش