0
Thursday 9 May 2019 04:18

وزیراعظم ہاؤس میں چینی تعاون سے یونیورسٹی کے 18 شعبے قائم کریں گے، فواد چوہدری

وزیراعظم ہاؤس میں چینی تعاون سے یونیورسٹی کے 18 شعبے قائم کریں گے، فواد چوہدری
اسلام ٹائمز۔ وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چودھری نے میڈیا یونیورسٹی کو سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کے منصوبوں میں شامل کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیراعظم ہاؤس میں چین کی مدد سے 55 ارب روپے کی لاگت سے یونیورسٹی کے 18 شعبے قائم کریں گے۔ اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ وزارت اطلاعات سالانہ35 ارب سے 40 ارب روپے ضائع کردیتی ہے اس طرح 13ارب روپے پی ٹی وی، 6 ارب روپے ریڈیو اور 85 کروڑ روپے ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان ( اے پی پی) پر خرچ ہوتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ بطور وزیر اطلاعات ایک ارب روپے سے زائد کے اشتہارات کا بجٹ بچا کر حکومت کو واپس کیا تاہم اس وقت وزیراعظم خود وزیر اطلاعات ہیں اور امید ہے کہ وہ وزارت کے امور کو بہتر انداز سے چلائیں گے۔ فواد چودھری نے وزارت سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کے فریم ورک کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ سائنسی ترقی کے بغیر تیسری دنیا ترقی نہیں کرسکتی اس لیے ٹیکنالوجی پر بھروسہ کریں گے تو آگے جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ41 ڈویژنوں کے دس، دس اسکولوں کو ماڈل اسکول بنانے کا فیصلہ کیا ہے اور ہر ڈویژن کے 30 اسکولوں میں نویں کلاس سے بارہویں کلاس تک اسٹیٹ آف دی آرٹ لیبارٹریاں تیار ہوں گی۔ ان کا کہنا تھا کہ لڑکیوں کے لیے سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کا خصوصی پروگرام لارہے پیں۔ وزیراعظم ہاؤس کو یونیورسٹی بنانے کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم ہاؤس میں چین کے تعاون سے 55 ارب روپے کی لاگت سے یونیورسٹی کے 8 شعبے قائم کریں گے۔

فواد چوہدری نے کہا کہ وزیر اعظم سیکریٹریٹ کو مکمل سولر نظام میں منتقل کرنے کا اور پی سی ایس آئی کو مزید بہتر بنانے کا منصوبہ ہے۔ وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی نے پاکستانی خلائی مشن بھجوانے کے فیصلے کو دہراتے ہوئے کہا کہ2022ء میں پاکستان کا پہلا خلائی مشن بھیجا جائے گا اور یوں پہلا مسلم خلا باز بھیجا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ اگست میں اسلام آباد میں سائنس اینڈ ٹیکنالوجی میلہ کروانے کا فیصلہ کیا ہے اور پورے مہینے کو سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کے ماہ کے طور پر منانے کے لیے وزیر اعظم سے درخواست کریں گے۔

سائنسی میلے کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ میلے میں جس نے سائنسی ایجادات کے حوالے سے جو کام ہے ان کو بلایا جائے گا اور اس کی نمائش ہو گی۔ وزارت سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کے منصوبوں سے آگاہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ملک بھر کے 30 قصبوں کو منتخب کرکے وہاں صاف پانی فراہم کیا جائے گا اور گندگی سے توانائی کا منصوبہ 16 قصبوں میں شروع کرنے کا منصوبہ ہے۔
 
خبر کا کوڈ : 793099
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش