0
Friday 17 May 2019 21:47

تہران و ریاض عرب و فارس کے بت توڑ کر متحد ہوجائیں، اعجاز ہاشمی

تہران و ریاض عرب و فارس کے بت توڑ کر متحد ہوجائیں، اعجاز ہاشمی
اسلام ٹائمز۔ جمعیت علمائے پاکستان کے مرکزی صدر پیر اعجاز ہاشمی نے کہا ہے کہ استعماری قوتوں کا مقابلہ کرنے کیلئے سعودی عرب اور ایران کو متحد ہو کر امت واحدہ کا تصور مضبوط کرنا چاہیئے۔ اگر دونوں منتشر رہیں گے تو امریکہ سے بلیک میل ہوتے اور دہشتگردی کا شکار بھی رہیں گے۔ لاہور میں میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ ایران پر امریکی دباو دراصل امت مسلمہ کو دھمکیوں کے مترادف ہے، جو اسلامی ممالک کو کسی صورت برداشت نہیں کرنا چاہیئے۔ ان کا کہنا تھا کہ امریکہ عالمی بدمعاش ہے جسے کسی بھی اسلامی ملک کی ترقی اور خود مختاری برداشت نہیں ہوتی۔ اس لئے مختلف بہانوں سے مسلم ممالک کیخلاف سازشیں کرتا رہتا ہے۔ سعودی عرب میں ہونیوالی دہشتگردی کی مذمت کرتے ہوئے پیر اعجاز ہاشمی نے کہا کہ اگر دونوں بڑی اسلامی قوتیں سعودی عرب اور ایران خود تقسیم ہونے کے بجائے متحد ہو کر مشترکہ دشمن کا مقابلہ کریں اور امت واحدہ کے تصور کو مضبوط کریں، تو اسلامی وقار بلند ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ ذوالفقار علی بھٹو مرحوم کی طرح اس وقت اسلامی ممالک کی سربراہی کانفرنس منعقد کی جانی چاہیئے، تاکہ اتحاد امت کے مقاصد کو حاصل کیا جا سکے۔ ان کا کہنا تھا کہ مسلمان ممالک کو ایک ہونا چاہیئے لیکن افسوس ہمیں سازش کے تحت اختلافات کا شکار کرکے منتشر کر دیا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ذاتی، لسانی، ملکی، مسلکی اور جغرافیائی مفادات سے بالاتر ہو کر ایران اور سعودی عرب کو ملی یکجہتی کونسل اور متحدہ مجلس عمل کی طرز پر امت مسلمہ کی وحدت کیلئے کوشش کرنی چاہیئے۔ ان کا کہنا تھا کہ امریکہ پہلے بھی ایران کو نقصان پہنچانے کیلئے بڑھکیں مارتا رہتا ہے اور اقتصادی پابندیاں لگاتا رہتا ہے مگر ہمیں امید ہے کہ وہ ماضی کی طرح اب بھی ناکام ہی ہوگا۔ امت مسلمہ کی خواہش ہے کہ دونوں برادر اسلامی ممالک سعودی عرب اور ایران مل کر امریکی سازشوں کا مقابلہ کریں۔ اس میں دونوں کی عزت اور اسلام کی سربلندی کا راز پنہاں ہے، انہیں چاہیئے کہ عرب و فارس کے بت توڑ کر متحد ہو جائیں۔
خبر کا کوڈ : 794826
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش