0
Friday 24 May 2019 01:08

امریکی پابندیوں نے عالمی نظم و نسق کو اپنے نشانے پر لے رکھا ہے، جواد ظریف

امریکی پابندیوں نے عالمی نظم و نسق کو اپنے نشانے پر لے رکھا ہے، جواد ظریف
اسلام ٹائمز۔ اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ محمد جواد ظریف پاکستان کے اپنے سرکاری دورے پر ایک وفد کے ہمراہ جمعرات کے روز اسلام آباد پہنچے۔ محمد جواد ظریف نے صدر اسلامی جمہوریہ ایران ڈاکٹر حسن روحانی کی حکومت کے بننے کے بعد سے اب تک 9 مرتبہ پاکستان کا سرکاری دورہ کیا ہے جبکہ ان کا جاری دورہ دسواں ہوگا۔ انہوں نے بین الاقوامی سطح پر امریکی پابندیوں کے اثرات پر خبرنگاروں کے ساتھ گفتگو کے دوران کہا کہ آج امریکی پابندیوں نے عالمی نظم و نسق کو اپنے نشانے پر لے رکھا ہے اور اگر ان کا بروقت مقابلہ نہ کیا گیا تو پوری عالمی برادری ان پابندیوں کی وجہ سے وجود میں آنے والی مشکلات کا شکار ہو جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ اگر عالمی برادری نے امریکہ کے اس رویئے میں اسے کھلی چھٹی دیدی تو وہ مزید ایسے اقدامات جاری رکھے گا، جس کے نتیجے میں عالمی برادری کے باہمی روابط کا نظام ایک ایسے ملک کے ہاتھ لگ جائے گا جو کسی بھی قانون کا پابند نہیں۔

ایرانی وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نے کہا کہ اس وقت ہمارا خطہ بدترین حالات سے گزر رہا ہے جبکہ خطے میں مزید خطرناک اقدامات بھی اٹھائے جا رہے ہیں، جن پر ہمسایہ ممالک کے ساتھ گفتگو ناگزیر ہے۔ انہوں نے خطے میں رونما ہونے والی تبدیلیوں پر پاکستان کے ساتھ صلاح مشورے کو اپنے اس دورے کا ایک اہم مقصد قرار دیتے ہوئے کہا کہ خوشی ہے کہ ایک مرتبہ پھر پاکستان کے دورے پر آنے کا موقع ملا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے ساتھ ہمارے تعلقات بہت مضبوط اور پرانے ہیں جبکہ ہمسایوں کے ساتھ بہترین تعلقات ہماری خارجہ سیاست کی پہلی ترجیح ہے۔

اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ جنہوں نے اپنے پاکستان کے دورے پر آنے سے قبل ایرانی بندرگاہ "چابہار" کا تفصیلی دورہ کیا تھا، انہوں نے ایک صحافی کے "چابہار" اور "گوادر" کے درمیان ممکنہ تعاون کی وسعت کے بارے میں سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ چابہار کی عوام اور حکومتی اہلکاروں کا پختہ عقیدہ ہے کہ ایرانی بندرگاہ چابہار اور پاکستانی بندرگاہ گوادر ایک دوسرے پر انحصار کرنے والے پراجیکٹس ہیں۔ انہوں نے اس بات پر تاکید کی کہ ہم چابہار کو گوادر کے ساتھ منسلک کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں اور یوں گوادر کو ایرانی ریلوے سسٹم کے ذریعے شمالی کوریڈور کے ساتھ ملاتے ہوئے ترکمانستان، قزاقستان، آذربائیجان، روس اور حتی ترکی کے ساتھ بھی منسلک کرسکتے ہیں۔

محمد جواد ظریف نے اسلامی جمہوریہ ایران کے ریلوے سسٹم کے عراق کے ساتھ منسلک ہونے کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس دورے کے دوران حکومت پاکستان کو چابہار اور گوادر کو منسلک کرنے کے حوالے سے بہت سی آفرز بھی دیں گے۔ واضح رہے کہ ایرانی وزیر خارجہ محمد جواد ظریف جمعے کے روز اسلامی جمہوریہ پاکستان کی اعلیٰ سیاسی و عسکری قیادت کے ساتھ ملاقات میں سکیورٹی و سرحدی تعاون میں توسیع اور تجارتی لین دین میں اضافے سمیت دوطرفہ تعلقات کی توسیع اور خطے و بین الاقوامی سطح پر رونما ہونے والی تبدیلیوں پر بھی گفتگو کریں گے، جبکہ اس حوالے سے وہ پاکستانی وزیر اعظم عمران خان، پاکستانی آرمی چیف قمر جاوید باجوہ، پاکستانی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اور پاکستان کی قومی اسمبلی کے سپیکر اسد قیصر سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔
خبر کا کوڈ : 795965
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش