0
Friday 24 May 2019 18:26
کسی کے دباؤ میں نہیں آوں گا، چیئرمین نیب بھی ڈٹ گئے

پی پی پی کا ایف آئی اے سے چیرمین نیب کی ویڈیو کے فرانزک ٹیسٹ کا مطالبہ

پی پی پی کا ایف آئی اے سے چیرمین نیب کی ویڈیو کے فرانزک ٹیسٹ کا مطالبہ
اسلام ٹائمز۔ پاکستان پیپلز پارٹی کا کہنا ہے کہ چیئرمین نیب کی ویڈیو کا ایف آئی اے سے فرانزک ٹیسٹ کرایا جائے۔ پاکستان پیپلز پارٹی نے چیئرمین نیب اسکینڈل کی مبینہ آڈیو اور ویڈیو ٹیپس کی فرانزک جانچ اور حقائق عوام کے سامنے لانےکا مطالبہ کیا ہے۔ پاکستان پیپلز پارٹی آفس میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے سینیٹر اعتزاز احسن کا کہنا تھا کہ چیئرمین نیب کی مبینہ ویڈیو کے سامنے آنے سے ان کی اخلاقی پوزیشن خراب ہوئی ہے لیکن ان کی قانونی پوزیشن پر کوئی فرق نہیں پڑا، ایسا محسوس ہوتا ہے کہ اس خاتون نے چیئرمین نیب کو پھنسایا ہے۔ اعتزازاحسن کا کہنا تھا کہ ہمارے جج صاحبان کو بولنے کی بہت عادت ہو گئی ہے اس لئے چیئرمین نیب نے پہلے میڈیا سے گفتگو کی اور کہا کہ ہم حکومت کو گرتا نہیں دیکھنا چاہتے، ایسے بیانات سے چیئرمین نیب اپنی جانبداری پہلے ہی ثابت کر چکے ہیں اور حالیہ ویڈیو میں بھی بظاہر چیئرمین نیب کی اپنی آواز لگتی ہے لیکن جب تک یہ بات حتمی طور پر ثابت نہ ہو جائے تب تک چیئرمین نیب کو شک کا فائدہ ملے گا، اس کے لئے ایف آئی اے کے ذریعے ان ٹیپس کا فرانزک کروانا چاہیئے۔

ایک سوال کے جواب میں اعتزاز احسن نے کہا کہ حکومت کو اس کے اپنے کاموں کی وجہ سے ٹف ٹائم ملنے والا ہے کیونکہ یہ حکومت اپنی دشمن آپ ہے، مسلم لیگ (ن) کی رہنما مریم نواز نے تو کہا ہے کہ انہوں  نے حکومت کو گرنے نہیں دینا اور ضرورت پڑی تو اپنے اراکین کو حکومت کی حمایت کا کہا جائے گا، اس کی وجہ یہ ہے کہ مریم نواز اور (ن) لیگ والے جانتے ہیں کہ موجودہ معاشی زبوں حالی اور مسائل میں ان کا اپنا بڑا ہاتھ ہے اسی لئے (ن)لیگ موقع ملنے پر بھی عمران خان کی جگہ نہیں سنبھالنا چاہتے کیونکہ موجودہ حالت سنبھالی نہیں جائے گی۔ دوسری جانب چئیرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال نے صاف کہہ دیا کہ میں کسی دباؤ میں نہیں آؤں گا۔ نجی ٹی وی چینل سے خصوصی بات کرتے ہوئے چئیرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال کا کہنا تھا کہ میں کسی بھی قسم کی بلیک میلنگ میں نہیں آؤں گا، میں اپنے مقصد پر ڈٹا ہوا ہوں، لہٰذا احتساب کا عمل جاری رہے گا۔ چئیرمین نیب نے کہا کہ میں اوچھے ہتھکنڈوں سے ہرگز خوفزدہ نہیں ہوں گا، بلکہ آئین وقانون کے مطابق اپنی ذمہ داری نبھاتا رہوں گا اور کسی خوف اوردباؤمیں ہرگز نہیں آؤں گا۔ یاد رہے کہ گذشتہ روز چئیرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال کی جانب سے خاتون کو ہراساں کرنے کی مبینہ ویڈیو منظر عام پر آئی تھی، جس کی نیب نے سختی سے تردید کر دی تھی۔ نجی ٹی وی چینل نیوز ون نے اپنے چینل پر ایک ویڈیو چلائی تھی جس میں چئیرمین نیب جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال کی تصویر کے ساتھ ایک فون کال کی ریکارڈنگ چلائی گئی تھی جس میں ایک شخص ایک خاتون کو جنسی طور پر ہراساں کر رہا تھا۔
خبر کا کوڈ : 796079
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش