0
Monday 3 Jun 2019 12:48

رمضان المبارک کے کے فکری اور معنوی پہلوؤں کو سمجھنے کی ضرورت ہے، میرواعظ عمر فاروق

رمضان المبارک کے کے فکری اور معنوی پہلوؤں کو سمجھنے کی ضرورت ہے، میرواعظ عمر فاروق
اسلام ٹائمز۔ جامع مسجد سرینگر میں میرواعظ محمد عمر فاروق نے شب قدر کی فضیلت و عظمت، نزول قرآن کے انقلابی عمل کا آغاز اور پیغام قرآنی پر تفصیل سے روشنی ڈالی۔ انہوں نے مسلمانوں پر زور دیا کہ اپنی زندگیوں کو اسلامی تعلیمات سے آراستہ کریں۔ میرواعظ عمر نے رمضان المبارک کے پیغام کو اس کے فکری اور معنوی پہلوؤں کو سمجھنے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ یہ مہینہ جہاں ہمیں تزکیہ نفس کے حصول اور اللہ تعالیٰ کی ذات کے ساتھ تمسک کو مزید مستحکم اور مضبوط کرنے کی دعوت دیتا ہے وہیں اس مہینے کے فیوض و برکات اور اللہ کی بے پناہ رحمتوں سے ایک مسلمان کو بھرپور استفادہ کرنے کا موقعہ فراہم ہوتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ من حیث القوم آج جن سنگین نوعیت کے مسائل کا ہمیں سامنا ہے اسکی بنیادی وجہ قرآن حکیم سے دوری اور اسلام کے آفاقی پیغام کو نہ سمجھنے یا ان پر عمل نہ کرنا ہے۔ میرواعظ عمر فاروق نے کہا کہ قرآنی احکامات اور اسلام کے آفاقی نظام حیات کو سمجھے بغیر اور اس کو اپنی زندگیوں میں عملی طور نافذ کئے بغیر ہم صحیح معنوں میں کامیابی اور سرخروئی سے ہمکنار نہیں ہوسکتے ہیں۔

میرواعظ عمر نے وطن عزیز کے پُرآشوب اور ناگفتہ بہہ حالات کے تناظر میں عید الفطر کی تقریب اسلامی تعلیمات کے مطابق سادگی کے ساتھ منانے کی دردمندانہ اپیل کرتے ہوئے عوام سے تاکید کی کہ وہ عید کی خوشیوں میں غریبوں، ناداروں، مسکینوں، یتیموں اور حاجتمندوں کو بھرپور انداز میں شامل کریں اور اس مقدس مہینے میں ہم نے مواسات، ہمدردی، انسان دوستی اور ایثار و قربانی کا جو سبق سیکھا ہے اس کی پورے سال ہم اپنی عملی زندگیوں میں تکرار اور اعادہ کرتے رہیں تاکہ ہم اپنے سماج کو صحیح معنوں میں ایک بہتر اور برائیوں سے پاک سماج کی حیثیت سے تعمیر کر سکیں
۔
خبر کا کوڈ : 797652
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش