0
Saturday 8 Jun 2019 22:13

کشمیری پرچم کشائی کی تقریب کی اجازت نہ دینا آئین کی توہین ہے، انجینئر رشید

کشمیری پرچم کشائی کی تقریب کی اجازت نہ دینا آئین کی توہین ہے، انجینئر رشید
اسلام ٹائمز۔ کشمیری پرچم کشائی کی تقریب کے انعقاد کے لئے آخری وقت اجازت واپس لئے جانے کی مذمت کرتے ہوئے عوامی اتحاد پارٹی کے صدر انجینئر رشید نے کہا کہ پرچم جموں و کشمیر کے تقدس اور اہمیت کی ہر حال میں حفاظت کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ جموں کشمیر کو بھارتی آئین کے تحت جن خصوصیات کی ضمانت ملی ہوئی ہے انہیں ختم یا کمزور کرنے کی کوششوں اور سازشوں کو ناکام بنایا جائے گا لہٰذا بھارتی حکومت کو چاہیئے کہ وہ ایسی کوئی حماقت نہ کرے کہ جو جموں کشمیر کی عوام کی اکثریت کے لئے ناقابل برداشت ہو۔ انجینئر رشید نے کہا کہ حکومت کو سامنے آکر واضح کرنا چاہیئے کہ اس نے آخری وقت پر اجازت واپس لیکر پرچم کشمیر سے متعلق تقریب کو ناکام کیوں کیا جو حالانکہ اب کئی برسوں سے ایک روایت ہے۔

جموں و کشمیر عوامی اتحاد پارٹی کے صدر نے کہا کہ اجازت واپس لیکر حکومت نے دراصل کشمیری پرچم کی توہین کی ہے اور یہ شرمناک کام جس کسی نے بھی کیا ہوگا اس کے خلاف مقدمہ درج کیا جانا چاہیئے۔ انہوں نے کہا کہ زور و زبردستی اور غیر آئینی ذرائع کا استعمال کرکے وقت وقت کی حکومتیں جموں و کشمیر سے متعلق تاریخ کو بدل سکتی ہیں اور نہ ہی تاریخی حقائق کو چھپا ہی سکتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 7 جون کی اہمیت کو کسی بھی طرح نظرانداز نہیں کیا جاسکتا ہے کیونکہ 1952ء میں اسی دن آئین ساز اسمبلی نے کشمیر کو اپنا الگ پرچم اور ترانہ دیا تھا۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ بات بدقسمتی کی ہے کہ شیخ محمد عبداللہ سے لیکر محبوبہ مفتی کسی بھی وزیراعلٰی نے کشمیری پرچم کے تقدس کو محفوظ کرنے کے لئے کوئی ٹھوس اقدام نہیں کیا۔
خبر کا کوڈ : 798438
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش