0
Thursday 20 Jun 2019 15:48

تنقید برائے تعمیر کو کھلے دل سے قبول کیا جائیگا، انجینئر رشید

تنقید برائے تعمیر کو کھلے دل سے قبول کیا جائیگا، انجینئر رشید
اسلام ٹائمز۔ سرینگر میونسپل کمیٹی کے سابق کمشنر اور ریٹائرڈ کے ایس آفیسر شوکت احمد زرگر، سابق انڈر سیکرٹری محکمہ تعلیم مختار احمد راجا، پلوامہ کے سرکرہ سماجی و سیاسی کارکن نذیر احمد وانی اور سول سیکرٹریٹ ایمپلائیز یونین کے منظور احمد خان نے عوامی اتحاد پارٹی کے صدر دفتر میں ایک تقریب کے دوران اے آئی پی میں شمولیت اختیار کی۔ اس موقع پر پارٹی سربراہ انجینئر رشید نے پارٹی میں شامل ہونے والے نئے لوگوں کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ عوامی اتحاد پارٹی کو مضبوط کرنا اور اس کے منشور کو گھر گھر پہنچانا ریاست کے لوگوں کی مجبوری ہے۔ انجینئر رشید نے کہا کہ وقت آچکا ہے کہ ریاست کے تمام مکتبہ ہائے فکر سے تعلق رکھنے والے لوگ اے آئی پی اور جے کے پیپلز موومنٹ کے اتحاد کو اپنا بھرپور تعاون دیں تاکہ نہ صرف جموں و کشمیر کے دیرینہ سیاسی مسئلہ کے منصفانہ اور پُرامن حل کے لئے ہندوستان اور پاکستان کو مجبور کیا جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ تنازعہ کے حل تک ریاست کے لوگوں کو بہترین انتظامیہ اور کرپشن سے پاک نظام فراہم کیا جائے تاکہ عام آدمی کی لاچارگی کا کچھ علاج ہو سکے۔ انہوں نے کہا کہ عوامی اتحاد پارٹی ریاست کے لوگوں کو متحد ہوتے دیکھنا چاہتی ہے اور پارٹی تنقید برائے تعمیر کا نہ صرف خیرمقدم کرے گی بلکہ مختلف مسائل پر کھلے دل و دماغ سے بحث و مباحثہ کے لئے بھی پارٹی ہر دم تیار ہے۔ انجینئر رشید نے نوجوانوں اور سماج میں موجود اہل دانش اور اہل فکر سے مطالبہ کیا کہ وہ سامنے آکر اپنی قومی ذمہ داریوں کو نبھائیں اور اے آئی پی کی مخلصانہ کوششوں کو منطقی انجام تک لیجانے میں اپنا کردار ادا کریں۔
خبر کا کوڈ : 800496
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش