0
Thursday 27 Jun 2019 21:10

عوام کو حکومت گراؤ ملک بچاؤ تحریک چلانے پر مجبور کیا جا رہا ہے، ثروت اعجاز قادری

عوام کو حکومت گراؤ ملک بچاؤ تحریک چلانے پر مجبور کیا جا رہا ہے، ثروت اعجاز قادری
اسلام ٹائمز۔ پاکستان سنی تحریک کے سربراہ محمد ثروت اعجاز قادری نے کہا ہے کہ مظلوم مزدوروں، کسانوں، غریبوں پر یکے بعد دیگر مہنگائی کے بم گرائے جا رہے ہیں، بار بار مہنگائی میں اضافے سے عوام کی چیخیں حکمرانوں کو کیوں سنائی نہیں دے رہیں، کس کو فائدہ پہنچانے کیلئے حکومت مظلوم غریب عوام کا خون چوس رہی ہے، پی ٹی آئی کی حکومت مہنگائی پر مہنگائی اور غریبوں کے مرنے کو تبدیلی سمجھتی ہے، تو ایسی تبدیلی ہمیں نہیں چاہیے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی میں مرکز اہلسنت پر بلوچستان سے آئے ہوئے محمد علی جتک کی قیادت میں وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ ثروت اعجاز قادری نے کہا کہ بلوچستان کے عوام پہلے ہی احساس محرومی کا شکار ہیں، اب پورے ملک کو محرومیاں دی جا رہی ہیں، غریبوں، کسانوں اور مزدوروں کو مجبور کیا جا رہا ہے کہ حکومت گراؤ ملک بچاؤ تحریک چلائی جائے۔ انہوں نے کہا کہ تاجروں، مزدوروں کے ساتھ سویلین اپوزیشن کی تحریک شروع کر دی، تو کوئی گیس و بجلی کے بل وصول نہیں کرسکے گا۔

ثروت اعجاز قادری نے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت جمہوری نہیں بلکہ آمرانہ طرز حکمرانی پر گامزن ہے، عوام آمرانہ فیصلوں کو کسی صورت تسلیم نہیں کرینگے۔ انہوں نے کہا کہ گیس، بجلی اور پیٹرول کی قیمتوں میں اضافے کو فوری واپس لیا جائے، عوام اسلام آباد کا رخ کرنے کی تیاریاں کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکمرانوں نے مہنگائی کے سارے ریکارڈ توڑ دیئے ہیں، ایسا محسوس ہوتا ہے کہ معیشت کو مضبوط و مستحکم کرنے کی اہلیت موجودہ پی ٹی آئی حکومت میں نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام پر مہنگائی کا بوجھ ڈالنے کی بجائے قومی خزانے سے لوٹے گئے اربوں روپے دبئی و دیگر ممالک سے وطن واپس لائے جائیں، کرپشن میں ملوث قوتوں کے خلاف بے رحمانہ احتساب کرکے لوٹی گئی قومی دولت کو واپس لایا جائے۔
خبر کا کوڈ : 801909
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش