0
Friday 5 Jul 2019 09:06

کراچی میں بارش سے شدید گرمی کی لہر کا زور ٹوٹ گیا، بجلی معطل

کراچی میں بارش سے شدید گرمی کی لہر کا زور ٹوٹ گیا، بجلی معطل
اسلام ٹائمز۔ شہر قائد کے مختلف علاقوں میں بارش اور بوندا باندی سے موسم خوشگوار ہوگیا۔ کراچی میں آج صبح ہونے والی بارش سے شہر میں کئی ماہ سے جاری شدید گرمی کی لہر کا زور ٹوٹ گیا۔ شہر کے مختلف علاقوں میں بارش کے باعث موسم خوشگوار ہوگیا، جبکہ گرمی کے ستائے ہوئے لوگوں نے ابرِ رحمت برسنے پر خدا کا شکر ادا کیا۔ کراچی کے علاقے ایکسپریس وے، شاہراہ فیصل، گلشن اقبال، بلوچ کالونی، محمود آباد، منظور کالونی، نارتھ ناظم آباد، ناظم آباد، بہادر آباد، طارق روڈ، نمائش چورنگی، لیاقت آباد، اور دیگر علاقوں میں کہیں کہیں بوندا باندی اور کہیں بارش ہوئی۔ محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں آج موسم ابر آلود رہے گا، جبکہ صبح اور شام میں ہلکی بارش کا امکان ہے۔ آج شہر کا کم سے کم درجہ حرارت 27 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ شہر میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 34 سے 36 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا جا سکتا ہے۔

دوسری جانب کراچی میں ہلکی بونداباندی سے کے الیکٹرک کا پول کھل گیا، بارش شروع ہوتے ہی شہر کے بیشتر علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی۔ نیوکراچی، نارتھ کراچی، فیڈرل بی ایریا، بلدیہ ٹاون میں بجلی بند، جبکہ شاہ فیصل کالونی عظیم پورہ اور لیاقت آباد میں بھی بجلی کی فراہمی معطل کردی گئی۔ ترجمان کے الیکٹرک کا کہنا ہے کہ بارش کے باعث چند علاقوں میں بجلی کی فراہمی متاثر ہوئی ہے۔ متاثرہ علاقوں میں بجلی بحالی کا عمل جاری ہے، صارفین سے پریشانی کے لئے معذرت خواہ ہیں۔
 
خبر کا کوڈ : 803190
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش