0
Saturday 6 Jul 2019 08:57

بیرسٹر سلطان کی عمران خان سے ملاقات

بیرسٹر سلطان کی عمران خان سے ملاقات
اسلام ٹائمز۔ وزیراعظم پاکستان عمران خان نے کہا ہے کہ کشمیریوں کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھی جائے گی اور ان کے حق خودارادیت اور مقبوضہ کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی پامالی ختم کرانے کے لئے ہر فورم پر آواز بلند کی جائے گی۔ پاکستان میں تعمیروترقی اور خوشحالی کے جاری تمام پیکجز کو آزادکشمیر تک موثر طریقے سے آگے بڑھایا جائے گا۔ کرپشن کے خاتمے کے لئے احتساب کا سلسلہ شروع کیا جائے گا۔ ہم نے حکومت آزادکشمیر کو لوگوں کی فلاح و بہبود کے لئے فراخدلی سے جو فنڈز دیے ہیں اس پر نظر رکھے ہوئے ہیں۔ کرپشن کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا اور کرپٹ عناصر کو احتساب کی گرفت میں لایا جائے گا۔ آزادکشمیر نوجوان لوگوں کو آئندہ الیکشن کے لئے آگے لایا جائے گا اور پاکستان کے تجربے سے استفادہ کرکے آزادکشمیر بھر میں اس پر عملدرآمد کرایا جائے گا۔ وزیراعظم عمران خان نے مانسہرہ تا مظفرآباد موٹروے اور میرپور میں انٹرنیشنل ائیرپورٹ کی تعمیر کے لئے متعلقہ محکموں کو فوری ہدایات جاری کیں۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے آج یہاں وزیراعظم سیکریٹیریٹ اسلام آباد میں آزادکشمیر کے سابق وزیراعظم و پی ٹی آئی کشمیر کے سابق صدر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری سے ون آن ون ایک گھنٹے سے زائد تفصیلی ملاقات میں کیا۔

اس موقع پر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے وزیراعظم پاکستان کا مسئلہ کشمیر کو ہر فورم پر موثر انداز میں اجاگر کرنے پر ڈیڑھ کروڑ کشمیری عوام کی طرف سے شکریہ ادا کیا۔ اس موقع پر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے مقبوضہ کشمیر میں جاری مظالم پر بھی وزیراعظم پاکستان کو بریفنگ دی۔ بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے آزادکشمیر کے آئندہ آنے والے الیکشن پر بھی چئیرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کو بریفنگ دی اور وفاق میں جاری پروجیکٹس کو آزادکشمیر تک بڑھانے کی درخواست بھی کی، جس پر وزیراعظم عمران خان نے منظوری دیتے ہوئے متعلقہ حکام کو فوری طور پر ہدایات جاری کیں۔
خبر کا کوڈ : 803396
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش