0
Wednesday 10 Jul 2019 12:30

ریاست کشمیر کا بچہ بچہ برہان وانی ہے، راجہ فاروق

ریاست کشمیر کا بچہ بچہ برہان وانی ہے، راجہ فاروق
اسلام ٹائمز۔ وزیراعظم آزادکشمیر راجہ محمد فاروق خان نے کہا ہے کہ ریاست کا بچہ بچہ برہان وانی ہے، وہ پورے کشمیر کا ہیرو ہے، تحریک آزادی کشمیر میں ایک لاکھ کشمیری بچوں، عورتوں، بزرگوں نے جان کی قربان دی لیکن ان کے جذبے کو ہندوستانی فوج شکست نہیں دے سکی، پاکستان اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کمیشن کی رپورٹ کی سفارشات پر عملدرآمد کروانے کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کرے، پاکستانی بھائیوں سے اپیل کرتا ہوں کہ تحریک کو اس کے منطقی انجام تک پہنچانے کے لیے پاکستان میں سیاسی استحکام لائیں، اللہ پاکستان کی حفاظت فرمائے، تمام حریت قیادت بالخصوص سید علی شاہ گیلانی، میر واعظ عمر فاروق، یاسین ملک، شبیر احمد شاہ اور جیلوں میں جو لوگ قید ہیں تمام مقبوضہ کشمیر کے بھائیوں کو یقین دلاتا ہوں کہ وہ اپنی اس جدوجہد میں اکیلے نہیں پاکستان کے بائیس کروڑ عوام، گلگت بلتستان اور آزادکشمیر کے عوام ان کی پشت پر ہیں۔ وہ کل جماعتی حریت کانفرنس کے زیراہتمام ڈی چوک میں برہان مظفر وانی شہید کی برسی کے موقع پر نکالی جانے والی ریلی کے شرکاء سے خطاب کر رہے تھے۔ اس موقع پر حریت کانفرنس کے راہنمائوں فیض نقشبندی، یوسف نسیم، محمود ساغر، خولہ خالد، حمید لون و دیگر نے بھی خطاب کیا۔

وزیراعظم آزادکشمیر نے کہا کہ ہندوستان ایک برہان مظفر وانی کو شہید کر کہ یہ سمجھ بیٹھا تھا کہ تحریک آزادی کشمیر کمزور پڑھ گئی ہے لیکن یہ اس کی بھول ہے اس کے بعد جدوجہد میں مزید شدت آئی ہے، پوری دنیا میں ہندوستانی مظالم کو اجاگر کرنے کے لیے وزارت خارجہ پروایکٹیو رول ادا کرے۔ برہان وانی کشمیر کا بیٹا ہے اس کی شہادت رنگ لائے گی اور کشمیر کو ہندوستان چھوڑنا پڑے گا، وہ وقت زیادہ دور نہیں۔ تحریک آزادی کشمیر کے لیے کشمیریوں نے قربانیوں کی جو لازوال داستانیں رقم کی ہیں۔ کشمیری قابض افواج کے انخلا اور اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عملدرآمد تک اپنی جدوجہد ہر قیمت پر جاری رکھیں گے ایک لاکھ افراد شہید ہو گئے، ہزاروں جیلوں میں ہیں اور ہزاروں زخمی، ہزاروں لاپتہ ہیں۔ نریندر مودی اور بھارت کو یہ پیغام دینا چاہتا ہوں کہ کشمیری نہ جھکے ہیں نہ جھکیں گے ان کی جدوجہد جاری رہے گی۔
خبر کا کوڈ : 804247
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش