0
Tuesday 23 Jul 2019 20:40

جہانگیر ترین کی سربراہی میں حکومتی وفد کی ایم کیو ایم سے ملاقات، تحفظات دور کرنیکی یقین دہانی

جہانگیر ترین کی سربراہی میں حکومتی وفد کی ایم کیو ایم سے ملاقات، تحفظات دور کرنیکی یقین دہانی
اسلام ٹائمز۔ پاکستان تحریک انصاف کے رہنما جہانگیر ترین کی سربراہی میں حکومتی وفد نے کراچی میں ایم کیو ایم پاکستان کی رابطہ کمیٹی سے ملاقات کی ہے، جس میں انہوں نے تمام تحفظات دور اور مطالبات پورے کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔ کراچی میں ایم کیو ایم پاکستان کے رہنماؤں سے ملاقات کے بعد جہانگیر ترین نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ پیپلز پارٹی کو تیسری بار سندھ میں حکومت ملی، لیکن سندھ کے حالات بد سے بدتر ہوتے جا رہے ہیں، کراچی کچرے کا ڈھیر بن چکا ہے، پانی کا بحران شدت اختیار کر چکا ہے، وفاقی حکومت پانی کا بحران ختم کرنے میں کردار ادا کرنے کیلئے تیار ہے۔

اس سے قبل پاکستان تحریک انصاف کے رہنماء جہانگیر ترین کی سربراہی میں حکومتی وفد کراچی میں ایم کیو ایم پاکستان کے عارضی مرکز بہادرآباد پہنچے، تحریک انصاف کے وفد میں سندھ اسمبلی میں قائد حزب اختلاف لیڈر فردوس شمیم نقوی، خرم شیر زمان، جمال صدیقی اور دیگر شامل تھے۔ حکومتی وفد نے ایم کیو ایم کے کنونیر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی، نسرین جلیل، کنور نوید، وسیم اختر اور محمد حسین سمیت رابطہ کمیٹی کے دیگر ارکان سے ملاقات کی۔

ملاقات کے دوران ملک کی موجودہ صورتحال، چیئرمین سینیٹ کے خلاف تحریک عدم اعتماد اور دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات سے قبل میڈیا سے بات کرتے ہوئے جہانگیر ترین نے کہا کہ تحریک انصاف اپنے وعدے اور تحریری معاہدے پر من و عن عمل کرے گی، تحریری معاہدے پر کتنا عمل ہوا ہے اور اس میں کیا پیشرفت ہے، اسی لیے آج ایم کیو ایم کے دوستوں سے ملنے آیا ہوں، ایم کیو ایم کے تمام تحفظات دور اور مطالبات پورے کریں گے۔
خبر کا کوڈ : 806617
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش