0
Thursday 25 Jul 2019 16:46

وزیراعظم عمران خان اور ٹرمپ کے درمیان ملاقات سے خطے میں امن کی راہ ہموار ہوگی، ملک عامر ڈوگر

وزیراعظم عمران خان اور ٹرمپ کے درمیان ملاقات سے خطے میں امن کی راہ ہموار ہوگی، ملک عامر ڈوگر
اسلام ٹائمز۔ چیف وہپ قومی اسمبلی و ایم این اے ملک محمد عامر ڈوگر نے کہا ہے کہ وزیراعظم پاکستان عمران خان کا دورہ امریکہ دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی، تجارتی اور برابری کی بنیاد پر دوستانہ تعلقات کا پیش خیمہ ہوگا اور دونوں ممالک خطے میں امن کیلئے مشترکہ کوششیں کریں گے، وزیراعظم نے قومی امنگوں کی ترجمانی کرتے ہوئے دہشت گردی کے خاتمے، مسئلہ کشمیر کے حل اور ٹریڈ کو فروغ دینے کے حوالے سے جو موقف اختیار کیا ہے، اسے نہ صرف امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سراہا ہے بلکہ ان کی بھرپور یقین دہانی سے پاکستان اور امریکہ تعلقات کی نئی منازل کو چھوئیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے وزیراعظم پاکستان عمران خان کے کامیاب دورہ امریکہ سے وطن واپسی کی خوشی میں اپنی رہائش گاہ ڈوگر ہائوس میں مٹھائی تقسیم کرنے کی تقریب کے موقع پر کیا۔

ملک محمد عامر ڈوگر نے مزید کہا کہ عمران خان کی شکل میں پاکستان کو پہلا وزیراعظم ملا ہے، جس نے امریکہ میں جا کر اپنے ملک اور قوم کا سر پوری دنیا میں فخر سے بلند کیا ہے، کیونکہ ایک طویل عرصے سے پاکستان اور امریکہ کے درمیان تعلقات ختم ہوچکے تھے اور سخت کشیدگی پائی جاتی تھی۔ امریکی صدر ٹرمپ اور امریکہ میں مقیم پاکستانیوں نے جس طرح وزیراعظم عمران خان کو پذیرائی دی ہے، اس کی مثال ماضی میں نہیں ملتی۔ خارجی سطح پر وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود نے تھوڑے ہی عرصہ میں پوری دنیا کو پاکستان کے ساتھ جوڑ دیا ہے اور پاکستان کا وقار اس وقت پوری دنیا میں بلند ہے، اپوزیشن کو ہوش کے ناخن لینے چاہیئے۔

انہوں نے مزید کہا کہ موجودہ حکومت کی بہترین سفارتکاری کے حوالے سے وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کی حکمت عملی نے یہ ثابت کر دیا ہے کہ پاکستان عالمی سطح پر سفارتی محاذ پر کامیابی کے جھنڈے گاڑ رہا ہے، فوج اور پاکستان کی سیاسی قیادت ایک پیج پر ہیں، کشمیر ایشو پر امریکی صدر کی جانب سے ثالثی کا کردار ادا کرنے کی حامی دراصل وزیراعظم پاکستان عمران خان کی قائدانہ صلاحیتوں کا بھرپور اظہار ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعظم عمران خان اور ٹرمپ کے درمیان ملاقات سے خطے میں نہ صرف امن کی راہ ہموار ہوگی بلکہ دونوں ممالک کے مابین ٹریڈ کو فروغ بھی ملے گا اور پاکستان معاشی ترقی کے نئے سفر پر گامزن ہوگا، وزیراعظم پاکستان عمران خان کا پروقار انداز میں پاکستانی موقف پیش کرنا ہی ایک اعلیٰ قیادت کا بین ثبوت ہے۔
خبر کا کوڈ : 806959
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش