0
Tuesday 6 Aug 2019 16:11

قبائلی اضلاع انتخابات، مخصوص نشستوں پر 3 ارکان کی کامیابی کا اعلامیہ جاری

قبائلی اضلاع انتخابات، مخصوص نشستوں پر 3 ارکان کی کامیابی کا اعلامیہ جاری
اسلام ٹائمز۔ خیبر پختونخوا کے قبائلی اضلاع میں صوبائی اسمبلی کی 16 جنرل نشستوں پر انتخابات کی تکمیل کے بعد الیکشن کمیشن نے صوبائی اسمبلی کی مخصوص نشستوں پر 3 ارکان کی کامیابی کا اعلامیہ جاری کر دیا ہے۔ واضح رہے کہ قبائلی اضلاع میں صوبائی اسمبلی کے انتخابات میں پاکستان تحریک انصاف نے سب سے زیادہ 6 سیٹیں حاصل کی تھی، اس کے علاوہ 2 آزاد اُمیدواروں نے بھی تحریک انصاف میں شمولیت اختیار کر لی تھی۔ اس کے ساتھ ساتھ جمعیت علماء اسلام (ف) اور بلوچستان عوامی پارٹی میں شمولیت اختیار کرنے والے الحاج شاہ جی گل آفریدی گروپ نے 3، 3، جبکہ عوامی نیشنل پارٹی اور جماعت اسلامی نے ایک، ایک سیٹ حاصل کی۔ فارمولے کے مطابق خواتین کی مخصوص 4 نشستوں پر تحریک انصاف کے حصے میں 2، جبکہ جمعیت علماء اسلام (ف) اور بلوچستان عوامی پارٹی کے حصے میں ایک، ایک سیٹ آئی۔ الیکشن کمیشن نے خواتین کی مخصوص نشستوں پر پاکستان تحریک انصاف کی انیتا محسود، جبکہ جمعیت علماء اسلام (ف) کی نعیمہ کشور کی کامیابی کا اعلامیہ جاری کر دیا ہے۔

اسی طرح اقلیتوں کی نشست پر تحریک انصاف کے ولسن وزیر کی کامیابی کا اعلامیہ جاری کیا گیا ہے۔ پاکستان تحریک انصاف اور بلوچستان عوامی پارٹی کی جانب سے فہرستیں جمع نہ ہونے کی وجہ سے اسوقت خواتین کی 2 مخصوص نشستیں خالی ہیں، جن کا اعلامیہ بعد میں جاری کیا جائے گا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق بلوچستان عوامی پارٹی نے خواتین کیلئے مختص مخصوص نشست پر قبائلی ضلع خیبر سے تعلق رکھنے والی بصیرت خان شنواری کا نام فائنل کیا ہے۔ دوسری جانب ذرائع کا کہنا ہے کہ تحریک انصاف میں خواتین کی دوسری نشست پر اختلافات بھی سامنے آئے ہیں جس کی وجہ سے مخصوص سیٹ پر تاحال فیصلہ نہیں ہوا۔ خواتین کی 2 مخصوص نشستوں پر اسلام آباد میں 11 خواتین کا انٹرویو کیا گیا جس میں ایک خاتون کا نام تو فائنل کر لیا گیا ہے، تاہم دوسرے نام پر اختلافات جاری ہیں۔ ذرائع نے بتایا کہ آئندہ چند روز میں مخصوص نشست کیلئے دوسرا نام بھی الیکشن کمیشن کو ارسال کر دیا جائے گا۔
خبر کا کوڈ : 809186
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش