0
Wednesday 7 Aug 2019 00:22
ایم ڈبلیو ایم کا جمعہ کو ملک گیر احتجاجی مظاہروں کا اعلان

مودی کے اقدامات اور عزائم خطے میں جنگی صورتحال پیدا کر رہے ہیں، علامہ ناصر عباس

وقت آگیا ہے کہ اقوام متحدہ اور او آئی سی اس نازک صورتحال میں اپنا کردار ادا کریں
مودی کے اقدامات اور عزائم خطے میں جنگی صورتحال پیدا کر رہے ہیں، علامہ ناصر عباس
اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سیکرٹری جنرل علامہ ناصر عباس جعفری نے مظلوم کشمیریوں سے اظہار یکجہتی اور بھارتی مظالم کے خلاف جمعہ کو ملک گیر احتجاجی مظاہروں کا اعلان کر دیا ہے۔ اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے علامہ ناصر عباس نے کہا کہ جمعہ کو ملک گیر احتجاج کرکے کشمیری بھائیوں سے اظہار یکجہتی کریں گے، مشکل کی اس گھڑی میں اپنے کشمیری بھائیوں کو ہرگز تنہا نہیں چھوڑیں گے، پاکستان کا بچہ بچہ کشمیر کی آزادی کے لئے قربانی دینے کے لئے تیار ہے، بھارت کی جموں و کشمیر اور لداخ کی آبادی کے تناسب کو تبدیل کرنے کی کوششیں خطے کو بدامنی کی طرف دھکیل دیں گی۔ عالمی برادری اس کشیدہ صورت حال پر نوٹس لے۔ ہندوستان اسرائیل کی ڈگر پر چل رہا ہے، لیکن اسے یہ نہیں بھولنا چاہیئے کہ اسرائیل تمام تر مظالم اور کوششوں کے باوجود نہتے فلسطیوں کی تحریک آزادی کو دبا نہیں سکا، قابض بھارتی افواج جس قدر کشمیر میں مظالم کو تیز کر رہی ہے، اسی طرح جدوجہد آزادی کی تحریک بھی اپنی منزل کی جانب بڑھ رہی ہے۔

علامہ راجہ ناصر عباس نے کہا کہ حکومت پاکستان کسی دباو کے بغیر مسئلہ کشمیر پر عوام کو اعتماد میں لے، عوام حکومت اور پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں، وقت آگیا ہے کہ اقوام متحدہ اور او آئی سی اس نازک صورتحال میں اپنا کردار ادا کریں، مسئلہ کشمیر کا حل صرف اور صرف کشمیری عوام کے امنگوں کے مطابق ہونا چاہیئے۔ کشمیری عوام اس مسئلے کا سب سے اہم فریق ہیں۔ مودی سرکار کے اقدامات اور عزائم خطے میں جنگی صورت حال پیدا کر رہے ہیں، بھارت کا غرور ان شاء اللہ خاک میں مل جائیگا اور کشمیر میں آزادی کا سورج طلوع ہو کر رہے گا۔
خبر کا کوڈ : 809263
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش