0
Sunday 11 Aug 2019 11:31

کراچی میں طوفانی بارشوں سے سیلابی صورتحال، نشیبی علاقے زیر آب، بجلی غائب، 6 جاں بحق

کراچی میں طوفانی بارشوں سے سیلابی صورتحال، نشیبی علاقے زیر آب، بجلی غائب، 6 جاں بحق
اسلام ٹائمز۔ شہر قائد میں گزشتہ رات سے جاری طوفانی بارش کے باعث متعدد علاقوں میں سیلابی صورتحال کا سامنا ہے، بارش کے ساتھ ہی کئی علاقوں میں بجلی غائب ہوگئی، جبکہ کرنٹ لگنے سمیت مختلف حادثات میں جاں بحق افراد کی تعداد 6 ہوگئی۔ تفصیلات کے مطابق کراچی میں گزشتہ روز سے جاری موسلا دھار بارش نے شہر قائد میں نظام زندگی درہم برہم کردیا، بارش سے ہر طرف پانی ہی پانی ہے اور شہر کا برا حال ہے، کئی سڑکیں ندی نالوں میں تبدیل ہوگئی ہیں، ملیر، ماڈل کالونی، ناگن چورنگی، کورنگی، الیاس گوٹھ، جوہر بلاک 3 سمیت کئی نشیبی علاقوں میں پانی گھروں میں داخل ہوگیا ہے۔ اورنگی ٹاؤن کے بیشتر علاقے زیر آب آنے کے باعث سیلابی صورتحال  کا سامنا ہے، جبکہ شہریوں نے پاک فوج سے مدد کا مطالبہ کیا ہے، منظور کالونی میں بھی نالا اوور فلو ہونے کے باعث رہائشیوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

گجر نالے کا پانی ایف سی ایریا کے گھروں میں داخل ہوگیا ہے اور علاقہ مکین کی نقل مکانی پر مجبور ہیں۔ کراچی کے علاقے صدر زیب النسااسٹریٹ کی مارکیٹوں میں بھی پانی داخل ہوگیا ہے اور الیکٹرانک مارکیٹ بھی زیرآب آگئی ہے، جبکہ سڑکوں سے ریسکیو ٹیمیں غائب ہیں۔ آئی آئی چندریگر روڈ پوسٹ آفس کے قریب ایک سے 2 فٹ تک پانی موجود ہے، شاہراہ فیصل پر بھی دو سے 3 فٹ پانی جمع ہے۔ ٹیپو سلطان سگنل سے بلوچ کالونی اور کارساز جانے والی سڑک زیرآب آگئی، سڑکوں پر پانی جمع ہونے کے باعث ایمبولینسوں سمیت متعدد گاڑیاں پھنس گئیں۔ شارع فیصل پر اسٹار گیٹ پر بھی پانی جمع ہونے کے باعث ٹریفک کی روانی متاثر ہو رہی ہے۔ شہر کے مختلف علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی۔ صدر، آئی آئی چندریگر روڈ ، ٹاور، کورنگی 4، اختر کالونی، کشمیر کالونی، رنچھوڑ لائن اور ماڈل کالونی سمیت متعدد علاقوں میں بجلی غائب ہوگئی۔

دھابیجی پمپنگ اسٹیشن کے 4پمپس کی بجلی کل سہہ پہر سے معطل ہے۔ ترجمان واٹر بورڈ کے مطابق کراچی کو ڈھائی کروڑ گیلن پانی فراہم نہیں کیا جا سکا۔ اس حوالے سے کے الیکٹرک کا کہنا ہے کہ دھابیجی اور گھارو پمپنگ اسٹیشنز پر مرمتی کام جاری ہے۔ مرمتی کام مکمل ہوتے ہی بجلی بحال کر دی جائے گی۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ایئرپورٹ پر سب سے زیادہ 120 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی، لانڈھی میں 115 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ محکمہ موسمیات نے آج مزید تیز بارش کی پیش گوئی کر دی۔ بارش کل سہ پہر تک جاری رہنے کا امکان ہے۔
خبر کا کوڈ : 810053
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش