0
Thursday 29 Aug 2019 23:35

بلدیاتی، صوبائی و مرکزی حکومتیں کچرے پر پوائنٹ اسکورنگ کر رہی ہیں، شاہی سید

بلدیاتی، صوبائی و مرکزی حکومتیں کچرے پر پوائنٹ اسکورنگ کر رہی ہیں، شاہی سید
اسلام ٹائمز۔ عوامی نیشنل پارٹی سندھ کے تھنک ٹینک کا اجلاس مردان ہاﺅس کراچی میں شاہی سید کی صدارت میں منعقد ہوا، اجلاس میں صوبے کی مجموعی سیاسی، شہر قائد میں صحت و صفائی کی ابتر صورت حال پر غور کیا گیا، اجلاس میں تنظیمی امور کے حوالے سے اہم فیصلے کیے گئے۔ اس موقع پر صوبائی صدر شاہی سید نے کہا کہ کراچی کے مسائل تب ہی حل ہو سکتے کہ جب ارباب اختیار اس کو اپنی ترجیح بنائیں، بااختیار کچھ کرنا نہیں چاہتے اور متعلقہ ادارے اپنی ذمہ داریاں پوری نہیں کر رہے ہیں، تمام ارباب اختیار اس بات پر متفق ہیں کہ شہریوں کو اذیت دی جائے۔ انہوں نے کہا کہ شہر بھر میں گندگی کے ڈھیر پھیلے ہوئے ہیں، مرکزی، صوبائی اور بلدیاتی حکومتیںں اگر عملی طور پر کچھ کر نہیں سکتی، تو خاموشی تو اختیار کریں، مصائب زدہ شہر کیلئے مذید بارش صورت حال مذید سنگین بنا سکتی ہے۔

شاہی سید نے کہا کہ بلدیاتی، صوبائی اور مرکزی حکومتیں کچرے پر پوائنٹ اسکورنگ کر رہی ہیں، شہر میں صفائی کے حوالے سے عملی کام نہ ہونے کے برابر ہے، اقدامات صرف فوٹو سیشن تک محدود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ماضی کی بدترین اقربا پروری کی وجہ سے شہری ادارے تباہ حال ہیں، ہزاروں بلدیاتی ملازمین گھر بیٹھے تنخواہیں لے رہے ہیں۔ انہوں نے مذید کہا کہ ضرورت اس امر کی ہے کہ تمام ادارے اپنی ذمہ داریاں پوری کریں، فوٹو سیشن کے بجائے عملی اقدامات کیے جائیں، تینوں حکومتی جماعتیں بیانات کے ذریعے گند اچھالنے کے بجائے شہر کی صفائی کیلئے عملی اقدامات اٹھائیں، ارباب اختیار اور متعلقہ ادارے دیانت داری سے اپنی ذمہ داریاں ادا کریں، تو شہر کی صحت و صفائی کی صورت حال میں بہتری ممکن ہے۔
خبر کا کوڈ : 813438
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش